Saturday, July 27, 2024

وزیراعظم تلاشی پر قانون کے پیچھے چھپ رہے ہیں: عمران خان

وزیراعظم تلاشی پر قانون کے پیچھے چھپ رہے ہیں: عمران خان
January 31, 2017

اسلام آباد (92نیوز) تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کا کہنا ہے پاناما کیس میں وزیراعظم کی تلاشی لی جارہی ہے تو وہ قانون کے پیچھے چھپ رہے ہیں۔ انہوں نے لندن فلیٹس کو تسلیم کیا، اب ان کا کام جواب دینا ہے۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے ہمیشہ کی طرح توپوں کا رخ وزیراعظم کی طرف موڑ دیا۔ ان کا کہنا تھا نوازشریف نے اسمبلی میں کہا تھا کہ وہ خود کو احتساب کیلئے پیش کرتے ہیں لیکن اب ان کے تیسرے وکیل نے درخواست کے قابل سماعت ہونے کو چیلنج کردیا۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے نوازشریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ لندن کے فلیٹس آپ کے ہیں توثبوت بھی آپ نے ہی دینے ہیں۔ انہوں نےقطری شہزادے کو بھی کھری کھری سنا دیں اور کہا کہ اس پر خود کرپشن کے الزامات ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ جس کا بھی پاناما لیکس میں نام آیا کسی نے اس کو چیلنج نہیں کیا۔ پانامالیکس سے پہلے یہ کہتے تھے بیرون ملک ہماری کوئی جائیداد نہیں، اب یہ رنگے ہاتھوں پکڑے گئے تو جواب نہیں دے رہے۔