وزارت پانی وبجلی کے تاخیری حربے کارگر، جسٹس ریٹائرڈ ناصر اسلم زاہد کا نندی پور پاور منصوبے کی انکوائری سے انکار
اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) وزارت پانی وبجلی کے تاخیری حربے کام کر گئے۔ جسٹس ریٹائرڈ ناصر اسلم زاہد نے نندی پور پاور منصوبے کی انکوائری سے انکار کر دیا۔
کرپشن بے نقاب ہونے کا ڈر، وزارت پانی وبجلی کے تاخیری حربوں نے کام دکھا دیا۔ جسٹس ریٹائرڈ ناصر اسلم زاہد نے نندی پور پاور منصوبے کی انکوائری سے معذرت کر لی۔ ناصر اسلم زاہد کی جانب سے وزیراعظم سیکرٹریٹ کو لکھے گئے خط کی کاپی نائنٹی ٹو نیوز نے حاصل کر لی۔
ذرائع کے مطابق وزارت پانی وبجلی نے جسٹس ریٹائرڈ ناصر اسلم زاہد کو نندی پور منصوبے کی انکوائری کے لئے لکھا جانے والا خط دس دن تک دبائے رکھا۔ وزیراعظم سیکرٹریٹ کی جانب سے پندرہ ستمبر کو انکوائری کا حکم جاری کیا گیا تھا تاہم وزارت پانی وبجلی نے تاخیری حربے استعمال کرتے ہوئے خط پچیس ستمبر کو بھیجا۔
نائنٹی ٹو نیوز کو دستیاب معلومات کے مطابق جسٹس ریٹائرڈ ناصر اسلم زاہد نے نندی پور پاور منصوبے کی انکوائری سے انکار کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ناصر اسلم زاہد نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ وہ کراچی میں اپنی ذاتی مصروفیات کی بنا پر انکوائری نہیں کر سکتے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکرٹری پانی وبجلی نندی پور پاور کی انکوائری نیپرا کے ممبر سے کرانا چاہتے تھے۔ نیپرا کے ایک ممبر وزیر پانی وبجلی خواجہ آصف کے قریبی عزیز ہیں۔