Thursday, October 6, 2022

وزارت قانون نے 120 نئی احتساب عدالتوں کے قیام کے حکم پر جواب جمع کرادیا

وزارت قانون نے 120 نئی احتساب عدالتوں کے قیام کے حکم پر جواب جمع کرادیا

اسلام آباد ( 92 نیوز) 120 نئی عدالتوں کے قیام کا عدالتی حکم پر  وزارت قانون نے سپریم کورٹ میں جواب جمع کرادیا۔

120 احتساب عدالتوں کے قیام کے عدالتی حکم پر وزارت قانون نے اپنا جواب سپریم کورٹ میں جمع کرادیا ، تحریری جواب میں وزارت نے موقف اپنایا کہ نئی عدالتوں کے قیام میں مالی مسائل کا سامنا ہے۔

عدالتوں کے قیام کے بعد 2 ارب، 86 کروڑ روپے کے بجٹ کی ضرورت ہوگی ، جس کیلئے مشاورت کا عمل شروع کردیا ، لیکن 120 نشستوں کی وزارت خزانہ اور اسٹبلیشمنٹ ڈویژن سے اجازت لینا ہوگی  ، بجٹ بھی وزارت خزانہ سے پاس کرنا ہوگا۔پانچ احتساب عدالتوں میں ججوں کی خالی آسامیاں پر کرنے کیلئے سمری ارسال کر دی ہے۔

وزارت قانون نے آگاہ کیا کہ ملک بھر کی 24احتساب عدالتوں میں 975 مقدمات زیر التوا اور تمام عدالتیں فعال ہیں، اسلام آباد کی تین احتساب عدالتوں میں 110مقدمات زیر التوا ہیں۔

لاہور کی پانچ عدالتوں میں  213، راولپنڈی کی تین عدالتوں میں 18 مقدمات ، ملتان کی ایک عدالت میں 80،سکھر میں 56 اور کوئٹہ کی دو عدالتوں میں 108مقدمات زیر التوا ہیں۔

یہ بھی بتایا کہ کراچی کی پانچ عدالتوں میں 188اور حیدر آباد کی عدالت میں 38مقدمات اور پشاور کی چار احتساب عدالتوں میں 164مقدمات زیر التوا ہیں۔