Thursday, September 19, 2024

ورلڈ ٹی ٹوینٹی کے پہلے میچ میں زمبابوے نے ہانگ کانگ کو 14 رنز سے زیر کر لیا

ورلڈ ٹی ٹوینٹی کے پہلے میچ میں زمبابوے نے ہانگ کانگ کو 14 رنز سے زیر کر لیا
March 8, 2016
لاہور (92نیوز) زمبابوے اور ہانگ کانگ کے میچ سے ورلڈ ٹی ٹوینٹی دو ہزارسولہ کا آغاز ہو گیا۔ افتتاحی میچ میں زمبابو ے نے ہانگ کانگ کوچودہ رنز سے شکست دے دی۔ ووسی سباندا مین آف دی میچ رہے۔ تفصیلات کے مطابق ناگپورمیں کھیلے گئے ورلڈ ٹی ٹوینٹی کا پہلا میچ زمبابوے کے نام رہا۔ افریقی ٹیم نے ہانگ کانگ کو چودہ رنز سے شکست دی۔ ایک سو انسٹھ رنز کے تعاقب میں ہانگ کانگ نے محتاط انداز سے اننگز کا آغاز کیا۔ اوپنرجیمی ایٹکنسن نے تریپن رنز کی اننگز کھیلی لیکن دوسرے اینڈ سے ہانگ کانگ کی وکٹیں گرتی رہیں۔ تنویر افضل نے اختتامی اوورز میں اکتیس رنز بنا کر میچ جیتنے کی کوشش کی لیکن اپنی ٹیم کو سرخرو نہ کرا سکے۔ ہانگ کانگ چھ وکٹوں پر ایک سو چوالیس رنز بنا سکی۔ اس سے قبل زمبابوے نے ہانگ کانگ کی دعوت پر بیٹنگ کرتے ہوئے آٹھ وکٹوں پر ایک سو اٹھاون رنز بنائے۔ زمبابوین اوپنر سباندا انسٹھ رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ میلکوم والر نے چھبیس رنز بنائے۔ ایلٹن چگمبرا نے تیرہ گیندوں پر تیس رنز بنا کر اسکور کو ایک سو اٹھاون تک پہنچایا۔ ہانگ کانگ کے تنویر افضل اور اعزاز خان نے دو‘ دو وکٹیں حاصل کیں۔