Saturday, July 27, 2024

ورلڈکپ کیلئے 15 رکنی پاکستانی اسکواڈ کا اعلان، سرفراز احمد قیادت کریں گے

ورلڈکپ کیلئے 15 رکنی پاکستانی اسکواڈ کا اعلان، سرفراز احمد قیادت کریں گے
April 19, 2019

لاہور (92 نیوز) ورلڈکپ کیلئے 15 رکنی پاکستانی اسکواڈ کا اعلان کر دیا گیا۔ سرفراز احمد قیادت کریں گے۔

 کرکٹ کے عالمی کپ کا میلہ سجنے میں کچھ ہی وقت باقی ہے۔ ورلڈ کپ کے لیے پاکستان نے بھی اپنے پتے شو کر دیے۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا۔

 سرفرازاحمد کو ٹیم کی کپتانی کے فرائض سونپے گئے ہیں۔ اوپننگ کی ذمہ داری فخر زمان اور امام الحق کے کندھوں پر ہو گی۔

 مڈل آرڈر میں بابر اعظم اور حارث سہیل ٹیم کے لیے مضبوط سہارا ہوں گے۔ محمد حفیظ اور شعیب ملک بھی اپنے تجربے سے ٹیم توازن پیدا کریں گے۔

 عماد وسیم اور شاداب خان کی آل راؤنڈر پرفارمنس ورلڈ کپ میں پاکستان کے لیے کافی اہم ہو گی۔

 باؤلنگ ہمیشہ سے ہی پاکستان کا پلس پوائنٹ رہا ہے۔ باؤلنگ کے شعبے میں حسن علی اور جنید خان مخالف ٹیم کی وکٹیں اڑائیں گے تو وہیں نوجوان باؤلر شاہین آفریدی اور محمد حسنین تیز گیندیں بلے بازوں کے لیے پریشانی کا سبب بنیں گی۔

 پاکستان کے اسکواڈ میں 10 کھلاڑی ایسے ہیں جو پہلی بار ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ محمد عامر سلیکشن کمیٹی کا اعتماد حاصل کرنے میں ناکام رہے تاہم انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے محمد عامر کو ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔

 کرکٹ ورلڈ کپ 30 مئی سے انگلینڈ میں شروع ہو رہا ہے۔ پاکستان اپنا پہلا میچ 31 مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گا۔