وارث شاہ کے 217ویں سالانہ عرس کی تقریبات دوسرے روز بھی جاری
جنڈیالہ شیرخان(92نیوز)عظیم صوفی شاعر سید وارث شاہ کے دو سترہویں سالانہ عرس کی تقریبات دوسرے روز بھی جاری رہیں ، ملک بھر سے زائرین عرس کی تقریبات میں شرکت کے لئے جنڈیالہ شیر خان پہنچ گئے۔
تفصیلات کےمطابق پنجابی ز بان کے شیکسپیئر کا خطاب پانے والے سید وارث شاہ کے دو سو سترہویں سالانہ عرس کی تقریبات جنڈیالہ شیر خان میں جاری ہیں عقیدت مند مزار پر چادریں چڑھا رہے ہیں اور فاتحہ خوانی کی جارہی ہے۔
عرس کے موقع پر جہاں ایک طرف چھوٹی بڑی قصہ ہیرخوانی کی محفلیں منعقد ہوئیں تو وہیں گھوڑوں کے ناچ اور ایک بڑے میدان میں ہیر پڑھنے کے مقابلے بھی ہوئے۔
پاکستان کے ساتھ ساتھ بھارت سے بھی سید وارث شاہ سے محبت کا اظہار کرنے کیلئے زائرین جنڈیالہ شیر خان پہنچے ہیں۔ عرس کے دوران مختلف اشیاء کے اسٹال بھی لگائے گئے جبکہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات دیکھنے میں آئے۔
پاکستان اور دوسرے ممالک سے آنے والے زائرین نے وارث شاہ لائبریری کا بھی دورہ کیا اور اسٹالوں پر لگی پیروارث شاہ کی کتابوں کی خریداری کی۔ عرس کی تقریبات آج اختتام پذیر ہوں گی۔