Wednesday, September 28, 2022

ن لیگی قیادت غریبوں کو گولی کھانے کا کہہ کر خود باہر بیٹھی ہے ، فیاض الحسن چوہان

ن لیگی قیادت غریبوں کو گولی کھانے کا کہہ کر خود باہر بیٹھی ہے ، فیاض الحسن چوہان

لاہور ( 92 نیوز) صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ ن لیگی قیادت   غریبوں کو احتجاج میں گولی کھانے کا کہہ کر خود ملک سے باہر بیٹھی ہے ، بھارت دنیا کا سب سے بڑا دہشتگرد ہے، خطے میں امن پاک فوج کی قربانیوں کی بدولت آیا۔

سرکٹ ہاؤس سرگودھا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ امریکی میگزین فارن پالیسی میں دہشتگرد ممالک کی فہرست شائع ہوئی جس میں بھارت پہلے نمبر پر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ن لیگی قیادت سیاست پاکستان میں کرتی ہے جبکہ لوٹ مار کرکے برگر اور پیزے لندن میں بیٹھ کر کھاتے ہیں۔ پی ڈی اے اصل میں پاکستان ڈیمولیشن پلان ہے جس میں سارے کرپٹ سیاستدان مل گئے ہیں، شاہد خاقان عباسی نے اپنے ورکرز کو کہا ہے کہ احتجاج کے دوران سب سے پہلی گولی آپ نے کھانی ہے، یہ دنیا کی واحد سیاسی قیادت ہے جو کہ خود باہر بیٹھی ہے اور غریب کے بچے کو پتھر اور گولیاں کھانے کے لیے آگے کر رہے ہیں، ان کی سیاسی قیادت امریکہ سے مدد مانگ رہی ہے یہ اگر امریکہ کی بجائے اللہ سے مدد مانگتے تو شاید اللہ ان کو معاف بھی کردیتا۔

فیاض الحسن چوہان کی پریس کانفرنس کے دوران اس وقت بدنظمی پیدا ہو گئی جب ریجنل اخبارات پر پابندیوں کے خلاف مقامی صحافیوں نے احتجاج شروع کر دیا اور نعرے بازی کی جس پر فیاض الحسن چوہان پریس کانفرنس ادھوری چھوڑ کر چلےگئے تاہم صحافیوں نے ان کی گاڑی کا گھیراو کر لیا، جس پر فیاض الحسن چوہان نے معاملہ کے حل کے لیے کمیٹی بنانے کا اعلان کیا تو صحافیوں نے احتجاج ختم کر دیا۔