Thursday, February 9, 2023

نیو کراچی ، گودھرا میں لکڑی کے گودام میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا

نیو کراچی ، گودھرا میں لکڑی کے گودام میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا
کراچی (92 نیوز) نیو کراچی میں صبح سویرے لکڑی کے گودام میں آگ لگ گئی جسے بجھانے کیلئے 80 سے زائد فائر فائٹرز کو 4 گھنٹے تک جدوجہد کرنی پڑی جس کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا۔ کراچی میں آتشزدگی کا ایک اور واقعہ پیش آیا۔ نیو کراچی میں لکڑی کے گودام میں خوفناک آگ لگ گئی۔ شعلوں نے دیکھتے ہی دیکھتے گودام لپیٹ میں لے لیا۔ گودام میں آگ کی اطلاع ملتے ہی 4 فائر ٹینڈرز موقع پر پہنچے ۔ شدت میں اضافے کے باعث مزید فائرٹینڈرز بھی طلب کرنے پڑے ۔ دہکتے شعلوں کے باعث گودام کی چھت اور دیواریں گر گئیں۔ واٹربورڈ نے نیپا چورنگی اور سخی حسن ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کرکے فائرٹینڈرز کو پانی فراہم کیا ۔ فائر فائٹرز نے 4 گھنٹے کی کوششوں کے بعد آگ بجھائی۔ گودام میں آتشزدگی کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا لیکن گودام مکمل طور پر جل کر راکھ ہو گیا۔