Saturday, July 27, 2024

نیو اسلام آباد ائیرپورٹ تاحال کئی بنیادی سہولیات سے محروم

نیو اسلام آباد ائیرپورٹ تاحال کئی بنیادی سہولیات سے محروم
April 16, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) نیو اسلام آباد ائیرپورٹ کا بیس اپریل کو افتتاح ہونا ہے ۔ اپنے ابتدائی لاگت سے دو سو پچاس فیصد زیادہ لاگت سے مکمل ہونے والا ائیرپورٹ تاحال کئی بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔ نیو اسلام آباد ائیرپورٹ کا سنگ بنیاد دو ہزار سات میں رکھا گیا۔ ابتدائی طور پر اس کا تخمیہ سینتیس ارب روپے اور تیس ماہ میں مکمل ہونے کا اعلان کیا گیا۔ پیپلز پارٹی اور پھر مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں بھی نیو اسلام آباد ائیرپورٹ مکمل نہ ہو سکا بلکہ اس کی لاگت دو سو پچاس گنا بڑھ گئی۔ منصوبے پرتیرہ سے زائد پراجیکٹ ڈائریکٹر تبدیل کئے گئے۔ خدا خدا کر کے بیس اپریل دو ہزار اٹھارہ کو نیو اسلام آباد ائیرپورٹ کے افتتاح کا اعلان کیا گیا۔ ابتدائی لاگت کے تخمینے سے کئی گنا اخراجات کے باوجود نیو اسلام آباد ائیرپورٹ کئی سہولیات سے محروم ہے۔ دعوی تو نیو اسلام آباد ائیرپورٹ کے حوالے سے بین الاقوامی معیار کا کیا جاتا ہے جبکہ زمینی حقائق یہ ہے کہ نیو اسلام آباد ائیر پورٹ میں بننے والے بزنس لاؤنج اور سیٹیٹ لاؤنج تا حال بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ موجودہ بے نظیر ائیرپورٹ سے کئی گنا بڑے نیو اسلام آباد ائیرپورٹ میں سیکورٹی کے نقطہ نظر سے بھی کئی نقائص ہیں۔ 32 ایکڑ پر مشتمل ائیرپورٹ میں وی وی آئی پییز کو لانے اور لے جانے کیلئے کوئی الگ راستہ نہیں بنایا گیا ہے جس سے مستقبل میں ٹریفک کے سنگین مسائل پیدا ہونے کا امکان ہے۔ سیکورٹی کیلئے 85 ٹاور بنائے گئے لیکن پانچ سو سیکورٹی اہکاروں کیلئے رہائش، پینے کے صاف پانی اور واش رومز جیسی سہولیات کا کوئی انتظام نہیں کیا گیا جبکہ سیکورٹی اہلکاروں کا کیمپ نیو اسلام آباد ائیرپورٹ سے بارہ کلو میڑ کی دوری پر ہے۔ کسی ایمرجنسی کی صورت میں متبادل راستے بھی نہیں بنائے گئے۔ سہولیات کے فقدان کی وجہ سے سیکورٹی نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار بھی ناخوش ہیں۔ نیو اسلام آباد ائیرپورٹ میں فلائٹ کچن کی اہم ترین ضرورت بھی ناپید ہے۔ اس اہم سہولت کے حصول کے لیے تاحال بے نظیر ائیرپورٹ کا فلائٹ کچن استعمال کیا جا رہا ہے۔ فلائٹ کچن کے حوالے سے بتایا جاتا ہے کہ نیو اسلام آباد ائیرپورٹ تک تیس کلومیٹر دوری پر واقع بے نظیر ائیرپورٹ سے ٹرکوں کے ذریعے کھانا پہنچایا جائے گا جس سے یقیناً کھانے کے ذائقے اور معیار پر منفی اثر پڑے گا۔ نیو اسلام آباد ائیرپورٹ زیرو پوائنٹ اسلام آباد سے بائیس کلومیٹر جبکہ صدر راولپنڈی سے تیس کلومیٹر کے فاصلے پر ہے تاہم اس اہم منصوبے کیلئے کوئی پبلک ٹرانسپورٹ بھی دستیاب نہیں ۔ اسلام آباد شہر سے نو تعمیر شدہ ائیرپورٹ تک سفری سہولت کے لیے میٹرو بس کے منصوبے پر کام جاری ہے لیکن حیران کن طور پر اس میٹرو بس کا کوئی سٹاپ رالپنڈی کے علاقے بائیس اور چھبیس نمبر چونگی کے قریب نہیں ہے اور راولپنڈی کے وہ شہری جو میٹرو پر سفر کرنا چاہیں گے ان کو اسلام آباد آ کر میٹرو بس کے ذریعے نیو اسلام آباد ائیرپورٹ تک جانا ہو گا۔