Saturday, July 27, 2024

نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو چوتھے کوارٹر فائنل میں زیرکرلیا

نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو چوتھے کوارٹر فائنل میں زیرکرلیا
March 21, 2015
ویلنگٹن(ویب ڈیسک)نیوزی لینڈ نے ورلڈ کپ کے چوتھے کوارٹر فائنل میں ویسٹ انڈیزکو ایک سو تینتالیس رنز سے دھول چٹا کر سیمی فائنل میں اپنی جگہ پکی کرلی۔ تین سو چورانوے رنز کے ہدف  کا تعاقب کرنے والی کالی آندھی دو سو پچاس رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ ویلنگٹن کے ویسٹ پیک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کیوی کپتان برینڈن میکلم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پہلی وکٹ ستائیس رنز پر گری جب میکلم بارہ رنز بنا کر جیروم ٹیلر کا شکار بنے۔ نواسی رنز پر ویسٹ انڈیز کو دوسری کامیابی  ولیم سن کی وکٹ کی صورت میں ملی،  ولیمسن نے تینتیس رنز بنائے۔ مارٹن گپٹل نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے دو سو سینتیس رنز کی اننگز کھیلی، راس ٹیلر نے بیالیس، کورے اینڈرسن نے پندرہ جب کہ گرانٹ ایلیٹ نے ستائیس رنز بنائے، ویسٹ انڈیز کی طرف سے جیروم ٹیلر نے تین اور آندرے رسل نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ جوابی اننگز میں ویسٹ انڈین بیٹسمینوں کے درمیان کوئی بڑی پارٹنر شپ قائم نہ ہوئی، وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوا تو  اکتیسویں اوور میں جا کر  پوری ٹیم دو سو پچاس رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ کرس گیل کے سب سے زیادہ  اکسٹھ رنز ٹیم کے کسی کام نہ آئے،ٹرینٹ بولٹ نے چار کھلاڑیوں کو اپنا شکار بنایا۔