Tuesday, October 4, 2022

نیشنل ٹی 20 کپ ، آج ناردرن اور سندھ جبکہ خیبرپختونخوا اور سینٹرل پنجاب کا مقابلہ ہوگا

نیشنل ٹی 20 کپ ، آج ناردرن اور سندھ جبکہ خیبرپختونخوا اور سینٹرل پنجاب کا مقابلہ ہوگا

راولپنڈی ( 92 نیوز) نیشنل ٹی 20 کپ میں آج بھی دو میچز کھیلے جائیں گے ،راولپنڈی میں ہونے والے میچز میں سہ پہر تین بجے ناردرن اور سندھ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی ، آج کے دوسرے میچ میں شام ساڑھے سات بجے خیبرپختونخوا اور سینٹرل پنجاب کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی۔

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کا میلہ راولپنڈی میں جاری ہے ، ٹیموں کی فائنل فور مرحلے میں جگہ بنانے کے لیے سر توڑ کوششیں کی جا رہی ہیں ، ایونٹ میں آج بھی دو میچز  کھیلے جائیں گے۔

پہلے میچ میں سہ پہر تین بجے ناردرن اور سندھ کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی ، ناردرن کی ٹیم بارہ پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر موجود اور ایونٹ کے سیمی فائنل  کے لیے کوالیفائی  کرچکی ہے، سندھ کی ٹیم آٹھ پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر موجود ہے۔

 آج کے دوسرے میچ میں شام ساڑھے سات بجے خیبر پختونخوا اور سینٹرل پنجاب کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی ، خیبر پختونخوا کی ٹیم دس پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جبکہ سینٹرل پنجاب کی ٹیم چھ پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہے۔

گزشتہ روز کھیلے گئے میچز میں سندھ نے خیبر پختونخوا کو دو وکٹوں سے شکست دی جبکہ سدرن پنجاب نے سینٹرل پنجاب کو تین رنز سے مات دی۔