Sunday, September 25, 2022

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کا فاتح خیبر پختونخوا یا سدرن پنجاب؟ فیصلہ آج ہوگا

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کا فاتح خیبر پختونخوا یا سدرن پنجاب؟ فیصلہ آج ہوگا
راولپنڈٰی (92 نیوز) نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کا ٹائٹل کس کے سر سجے گا، خیبر پختونخوا ٹرافی اپنے نام کرے گی یا سدرن پنجاب کی ٹیم ہو گی کامیاب، فائنل معرکے میں آج خیبر پختونخوا اور سدرن پنجاب کے درمیان مقابلہ ہو گا، دونوں ٹیمیں شام ساڑھے سات بجے میدان میں اتریں گی۔ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کا فاتح کون ہو گا اس کا فیصلہ آج ہوگا، راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں فائنل معرکے میں سدرن پنجاب اور خیبر پختونخوا کی ٹیموں کے درمیان زور کا جوڑ پڑے گا، دونوں ٹیمیں شام سات بجے ان ایکشن ہونگی۔ گزشتہ روز پہلے سیمی فائنل میں  دفاعی چیمپئن ناردرن اور سدرن پنجاب کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوئیں، سدرن پنجاب نےناردرن کے فائنل کھیلنے کے  ارمانوں پر پانی پھیرتے ہوئے سات وکٹوں سے شکست دی، سدرن پنجاب نے 161 رنز کا ہدف تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، سدرن پنجاب کی جانب سے کپتان شان مسعود نے 78رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی۔ دوسرے سیمی فائنل میں خیبر پختونخوا اور سندھ کے درمیان مقابلہ ہوا، خیبر پختونخوا نے یکطرفہ مقابلے کے بعد سندھ کو 8وکٹوں سے شکست دے کرایونٹ سے باہر کیا۔