Tuesday, October 4, 2022

نیب نے کے الیکٹرک کے کھاتے کھولنے کا فیصلہ کر لیا

نیب نے کے الیکٹرک کے کھاتے کھولنے کا فیصلہ کر لیا
 اسلام آباد (92 نیوز) نیب نے کے الیکٹرک کے کھاتے کھولنے کا فیصلہ کر لیا۔ چیئرمین نیب نے کے الیکٹرک کیخلاف عوامی شکایات کا نوٹس لے لیا۔ نیب اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حکومت سے معاہدے کے تحت کے الیکٹرک کو بجلی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے مطلوبہ سرمایہ کاری کرنا تھی جس پر عمل درآمد میں وہ ناکام ہے۔ جسٹس ر جاوید اقبال نے نیب کراچی کو کے الیکٹرک سے معاہدہ کی کاپی، متعلقہ دستاویزات اور سرمایہ کاری کی تفصیلات حاصل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ چیئرمین نیب جسٹس ر جاوید اقبال نے کہا کہ نیب ایک قومی ادارہ ہے جو قانون کے مطابق ہمیشہ اپنے فرائض سر انجام دینے پر یقین رکھتا ہے۔ کے الیکٹرک کو عوام سے اووربلنگ کی مد میں مبینہ طور پر اربوں روپے کی رقوم ہتھیانے اور غیر اعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ اور معاہدہ کی پاسداری نہ کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔ نیب بلاتفریق احتساب پر یقین رکھتا ہے۔ چیئرمین نیب نے نیب کراچی کو کے الیکٹرک کے خلاف تین ماہ میں انکوائری مکمل کرنے کی ہدایت کی تاکہ عوام الناس کو مبینہ طور پر لوٹنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جا سکے۔