نیب نے پی ایم ڈی سی میں بے ضابطگیوں پر ڈاکٹر عاصم کیخلاف تحقیقات شروع کر دیں
اسلام آباد (92نیوز) پی ایم ڈی سی کے ساتھ خلاف ضابطہ میڈیکل کالجوں کا الحاق، ڈاکٹر عاصم کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق نیب نے سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر عاصم کے خلاف پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے ساتھ خلاف ضابطہ میڈیکل کالجوں کے الحاق کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ نیب نے سکینڈل میں ملوث کالجوں اور پی ایم ڈی سی بھی طلب کرلیا ہے۔
واضح رہے کہ سابق وفاقی وزیر نے رینجرز کی حراست کے دوران کرپشن اور مالی بے ضابطگیوں سے متعلق کئی اہم انکشاف کئے تھے۔
ڈی جی رینجرز کراچی نے ڈاکٹر عاصم سے ہونے والی تفتیش اور کرپشن کے ثبوتوں پر مشتمل ایک مفصل رپورٹ نیب کو بھجوائی اور سفارش کی تھی کہ نیب ان ثبوتوں کی روشنی میں مزید تحقیقات کرے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملنے والی رپورٹ کی روشنی میں نیب نے ڈاکٹر عاصم کے خلاف تحقیقات کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کہ ڈاکٹر عاصم نے غیرقانونی طریقے سے مختلف میڈیکل کالجوں کا پی ایم ڈی سی سے الحاق کرایا۔
قومی احتساب بیورو نے پی ایم ڈی سی کے ریکارڈ کی چھان بین بھی شروع کردی ہے۔ ذرائع بتاتے ہیں کہ اس سکینڈل میں پی ایم ڈی سی کے بعض اہلکار بھی ملوث ہوسکتے ہیں اور ذمہ داروں کو بھی شامل تفتیش کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹر عاصم سے تحقیقات اور شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ ان کی رینجرز سے حراست ختم ہونے پر کیا جائے گا۔ سابق وفاقی وزیر کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ تحقیقات مکمل ہونے پر ملنے والے ثبوتوں اور ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔