Saturday, January 22, 2022
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK) آج کا اخبار English News
English News آج کا اخبار
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK)

نیب نے پرویز خٹک ، مشتاق غنی ، امجد علی کیخلاف انکوائری شروع کر دی

نیب نے پرویز خٹک ، مشتاق غنی ، امجد علی کیخلاف انکوائری شروع کر دی
February 16, 2019
پشاور ( 92 نیوز) حکومت ارکان اور وزرا بھی نیب کے ریڈار پر آگئے ۔ نیب نے وزیر دفاع پرویز خٹک ، اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی مشتاق غنی اور سابق چیف سیکرٹری امجد علی کے خلاف انکوائری شروع کر دی۔ نیب خیبرپختونخوا صوبے میں تعیناتیوں میں بے ضابطگیوں اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے والوں کے خلاف سرگرم ہے، ذرائع کے مطابق ہری پور میں پاک آسٹریا انسٹی ٹیوٹ کے پراجیکٹ ڈائریکٹر کی تعیناتی میں اختیارات کے ناجائز استعمال پرانکوائری شروع کردی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق یونیورسٹی آف ہری پور کے وائس چانسلر ڈاکٹر ناصرعلی خان کو اضافی چارج دے کرپاک آسٹریا انسٹیٹیوٹ کا پراجیکٹ ڈائریکٹر تعینات کیا گیا اور بعد ازاں انہیں قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مستقل پراجیکٹ ڈائریکٹرتعینات کردیا۔ تعیناتی کےلئے اس وقت کے وزیراعلٰی پرویزخٹک، مشیرتعلیم مشتاق غنی اور چیف سیکرٹری امجد علی خان نے مقررہ طریقہ کار نہیں اپنایا۔ نیب ذرائع کے مطابق اس وقت کے سیکریٹری اسٹبلشمنٹ نے تعیناتی کے طریقہ کار کی مخالفت کی تھی، اس وقت کے سیکرٹری اعلٰی تعلیم نےادارے کے قیام کےلئے وفد کے دورہ آسٹریا کےلئے تیس لاکھ روپے کا فنڈ بھی طلب کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق پرویزخٹک، مشتاق غنی اور امجدعلی خان کوانکوائری کےلئے جلد طلب کئے جانے کا امکان ہے۔ ادھر نیب لاہور نے پاکستان تحریک انصاف کی رہنما فردوس عاشق اعوان  کے اثاثہ جات کی چھان بین شروع کر دی ۔ فردوس عاشق اعوان کی جائیدادوں کا ریکارڈ ایل ڈی اے سے طلب   کر لیا گیا۔ دوسری جانب چیئرمین نیب نے ڈائریکٹر آرکیالوجی و میوزیم پشاور کی گرفتاری کا نوٹس لے لیا۔ ڈاکٹر عبدالصمد کو کیس کی تمام دستاویزات سمیت 18 فروری کو اسلام آباد لانے کی ہدایت کر دی۔ چیئرمین نیب کی جانب سے متعلقہ ریکارڈ اور ان پر لگائے گئے مبینہ الزامات کی تفصیلات بھی پیش کرنے کا حکم دیا  اور  واضح کیا کہ  ڈاکٹر عبدالصمد پر لگائے گئے مبینہ الزامات کی تفصیلات خود سنوں گا ۔ انہوں نے کہا ڈائریکٹر آرکیالوجی و میوزیم کی قومی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور آئین و قانون کے مطابق انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں گے۔ ڈاکٹر عبدالصمد کی گرفتاری پر جہاں ایک طرف وزیراعظم عمران خان نے ناراضگی کا اظہار کیا وہیں خیبرپختونخوا کے سینئر وزیرعاطف خان نے بھی گرفتاری کو ناجائز قرار دیا تھا۔