Saturday, January 22, 2022
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK) آج کا اخبار English News
English News آج کا اخبار
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK)

نیب شریف خاندان کے خفیہ اثاثوں کیخلاف کارروائی کرے : عمران خان

نیب شریف خاندان کے خفیہ اثاثوں کیخلاف کارروائی کرے : عمران خان
April 4, 2016
اسلام آباد (92نیوز) پاناما لیکس کی جانب سے شریف خاندان کے بیرون ملک خفیہ اثاثے منظرعام پر آنے کے بعد ملک کے سیاسی حلقوں میں چہ میگوئیاں شروع ہو گئی ہیں۔ عمران خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے دنیا کے ٹاپ انویسٹی گیٹیو جرنلسٹوں نے ڈیٹا کو انویسٹی گیٹ کیا ہے۔ پاناما ایک ایسی جگہ ہے جہاں دنیا کی ایلیٹ پیسے جمع کرواتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس کی جانب سے دنیابھر کے رہنماﺅں کے خفیہ اثاثے کی تفصیلات سامنے آنے کے بعد آسٹریلیا، ہانگ کانگ‘ نیوزی لینڈ‘ فرانس‘ آئس لینڈ میں تحقیقات شروع ہوگئی ہیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ بیس سال سے پیسے کی چوری کا شور مچا رہے تھے۔ یہ لوگ اللہ کی طرف سے پکڑے گئے ہیں۔ نوازشریف نے تمام چیزیں بچوں کے نام کردیں‘ اب کہتے ہیں بچوں سے قرضہ لے کر گزارہ کررہا ہوں۔ میاں صاحب نے بچوں کو بھی جھوٹ بولنے پر مجبور کردیا۔ مریم بیان دیتی ہیں کہ ہماری کوئی پراپرٹی باہر نہیں ہے‘ حسین شریف کہتے ہیں میری کمپنیاں اور فلیٹ ہیں۔ ایک جھوٹ بولنے کے لیے سو جھوٹ بولنے پڑتے ہیں۔ کپتان کا کہنا تھا کہ نجانے ان کے کون سے امیر دوست ہیں جو اربوں روپے قرضہ میں دے دیتے ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ وزیراعظم اپنے اور بچوں کے اثاثے نہیں بتاتے۔ مریم نوازکے شوہر ایم این اے ہیں انھوں نے اثاثے کیوں نہیں بتائے ؟ وہ اس لیے کہ یہ اثاثے بتائیں گے تو پھنس جائیں گے۔ نیب ساکھ برقراررکھنا چاہتی ہے تو فوری طور پر تحقیقات شروع کرے کیونکہ باقی ملکوں میں بھی تحقیقات شروع ہوچکی ہیں۔ اگر احتساب نہیں ہوسکتا تو تمام ادارے بند کردیں۔ انہوں نے کہا یہ الزامات میں نے نہیں لگائے۔ میری باری آئی تو میں انہیں نہیں چھوڑوں گا۔ الیکشن کمیشن ساکھ برقرار رکھنا چاہتے ہیں تو یہ ہی وقت ہے کہ ایکشن لے۔