Saturday, July 27, 2024

نیب ریفرنسز کی سماعت ، نواز شریف،مریم ، کیپٹن (ر) صفدر عدالت پیش

نیب ریفرنسز کی سماعت ، نواز شریف،مریم ، کیپٹن (ر) صفدر عدالت پیش
February 7, 2018

اسلام آباد ( 92 نیوز ) اسلام آباد کی احتساب عدالت میں شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت ہوئی ۔ نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر عدالت پیش ہوئے ۔ استغاثہ کے گواہ عبدالوحید کا بیان قلمبند کیا گیا ۔

احتساب عدالت میں استغاثہ کے گواہ عبدالواحد نے اپنا بیان قلمبند کروایا ۔  گواہ کی جانب سے عدالت میں حسین نواز کے انٹرویوز کی سی ڈیز بھی پیش کی گئی ۔ سی ڈیز میں حسین نوازاور مریم نواز کے انٹرویوز کا ریکارڈ تھا۔

سابق   وزیراعظم نواز شریف کے انٹرویوز کا ریکارڈ بھی نیب کو فراہم کیا گیا۔ جج محمد بشیر نے نیب کے گواہ سے استفسار کیا کہ نواز شریف کا بیان کتنی سی ڈیز میں ہے۔ گواہ نے جواب دیا دو سی ڈیز پر مشتمل ہے ۔

مسلم لیگ ن کے رہنما محسن شاہ نواز رانجھا نے اعتراض کیا کہ پراسیکیوٹر نیب’ گواہ کو بار بار کان میں کچھ بتا رہے ہیں۔ خواجہ حارث اور امجد پرویز کی جانب سے گواہ پر جرح کی گئی۔

خواجہ حارث نے گواہ پر اعتراض اُٹھایا کہ نہ یہ لکھنےوالے ہیں،نہ دستخط کرنے والے اور نہ ہی انہیں ایڈریس کیا گیا۔

عدالت نےآج 5 گواہان کو طلب کر رکھا تھا تاہم وقت کی کمی کے باعث دیگر گواہان کا بیان قلمبند نہ ہو سکا ۔ سماعت 13  فروری تک ملتوی کر دی گئی ۔