Saturday, July 27, 2024

نیب ریفرنسز : عاصمہ جہانگیر کے انتقال پر سوگ کے باعث سماعت 15 فروری تک ملتوی

نیب ریفرنسز : عاصمہ جہانگیر کے انتقال پر سوگ کے باعث سماعت 15 فروری تک ملتوی
February 13, 2018

اسلام آباد (92 نیوز) احتساب عدالت نے عاصمہ جہانگیر کے انتقال پر سوگ کے باعث نیب ریفرنسز کی سماعت 15 فروری تک ملتوی کر دی ۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت کی ۔
سابق وزیر اعظم میاں نوازشریف ، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر پیش ہوئے ۔
شریف خاندان کے وکیل امجد پرویز نے نوازشریف ، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی 19 فروری سے 2 ہفتوں کے لئے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ بیگم کلثوم نواز کا علاج آخری مراحل میں ہے ۔ خاندان کا ان کے پاس ہونا بہت ضروری ہے ۔ نواز شریف نے پہلے بھی عدالتوں کا احترام کیا ہے ۔ ان کی اور مریم نواز کی عدم حاضری پر کبھی عدالتی کارروائی متاثر نہیں ہوئی ۔
دوران سماعت امجد پرویز نے موقف اختیار کیا کہ عاصمہ جہانگیر کے انتقال کے باعث پاکستان بار کونسل 3 روزہ سوگ منا رہی ہے ۔ عدالتوں میں مقدمات کی سماعت نہیں ہو رہی ۔ اسی وجہ سے خواجہ حارث بھی پیش نہیں ہوئے ۔
عدالت نے سماعت 15 فروری کو دن 12 بجے تک ملتوی کرتے ہوئے چاروں گواہان کو دوبارہ طلب کر لیا ۔
عدالت نے یہ بھی قرار دیا کہ استغاثہ کے بیرون ملک موجود 2 گواہان کے ویڈیو لنک کے ذریعے بیانات 22 فروری کو ریکارڈ کئے جائینگے ۔