Saturday, July 27, 2024

نیب جیسے قوانین کو ملیا میٹ کر دینا چاہئیے، اس سے بہتر قانون لایا جا سکتا ہے، نواز شریف

نیب جیسے قوانین کو ملیا میٹ کر دینا چاہئیے، اس سے بہتر قانون لایا جا سکتا ہے، نواز شریف
March 27, 2018

 اسلام آباد (92 نیوز) سابق وزیر اعظم نواز شریف نیب کے شکنجے میں آئے تو ماضی کی غلطیوں کا احساس بھی ہونے لگا ۔

 احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیب کو دو ہزار دو کے انتخابات سے قبل بری طرح استعمال کیا گیا، اب پھر ہمارے خلاف استعمال کیا جائے گا، ایسے قوانین کو ملیا میٹ کر دینا چاہئیے، اس بات کا احساس آج تجربات کے بعد ہو رہا ہے، نیب سے بہتر قانون لایا جا سکتا ہے ۔

 نواز شریف نے کہا کہ کیس تو کسی پر بھی بنائے جا سکتے ہیں، بنتے رہے ہیں اور بن رہے ہیں، لیکن میموگیٹ اسکینڈل پر آصف علی زرداری کا ساتھ نہیں دینا چاہئیے تھا ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل میں ایک دن کی بھی تاخیر نہیں چاہتے، چیف جسٹس کو انتخابات میں ایک گھنٹے کی تاخیر کی بات بھی نہیں کرنی چاہئیے، توقع کرنی چاہئیے کہ کوئی انتخابی عمل میں رخنہ نہ ڈالے ۔

 نواز شریف نے کہا کہ وہ ایمپائر کی انگلی کی طرف دیکھنے کے بجائے انگوٹھے کی طاقت پر یقین رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اور بینظیر کو پاکستان نہ آنے دینے کی باتیں کرنے والے آج کہاں کھڑے ہیں، غداری کیس شروع ہوا تو پرویزمشرف بیماری کا بہانہ کر کے اسپتال میں جا چھپے ۔ سیاستدانوں کو مل بیٹھ کر نگران وزیراعظم کا فیصلہ کرنا چاہئیے ۔