Saturday, July 27, 2024

نیب اور نواز شریف کی اپیلوں پر سماعت ایک ہی دن 21 جنوری کو ہو گی

نیب اور نواز شریف کی اپیلوں پر سماعت ایک ہی دن 21 جنوری کو ہو گی
January 15, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس میں نیب کی اپیلیں اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر کردی گئیں۔ نوازشریف کی اپیل اور درخواست کے ساتھ 21 جنوری کو ہی سماعت ہو گی۔ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل اسلام آباد ہائی کورٹ کا ڈویژن بنچ اپیلوں پر سماعت کرے گا۔ نوازشریف کی جانب سے انکے وکیل خواجہ حارث اپنی قانونی ٹیم کے ہمراہ پیش ہوں گے۔ نوازشریف کی العزیزیہ ریفرنس میں احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل جبکہ اپیل کا فیصلہ آنے تک ضمانت کی درخواست پہلے ہی سماعت کیلئے مقرر کی جاچکی ہے۔ احتساب عدالت کی جانب سے العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کو مجرم قرار دیتے ہوئے 7سال قید اور بھاری جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی ۔ نواز شریف ان دنوں کوٹ لکھپت جیل میں  سزا کاٹ رہے ہیں ۔ مجرم کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی گئی تھی جب کہ ساتھ ہی استدعا کی گئی تھی کہ اپیل کا فیصلہ آنے تک سزا معطل کی جائے۔ احتساب عدالت نے نواز شریف کو فلیگ شپ ریفرنس میں  شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کیا تھا  ، جس کے خلاف نیب  نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے ۔ نیب کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ پختہ ثبوت فراہم کرنے کے باوجود نواز شریف کو بری کیا گیا جب کہ نیب نے العزیزیہ ریفرنس میں کم سزا دینے پر بھی اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل کی۔ اپیل میں موقف اپنایا گیا کہ نیب قانون کے مطابق سزا 14 برس قید بنتی ہے ، احتساب عدالت نے مجرم کو کم سزا سنائی ہے۔