نیب انکوائریز میں جام خان شورو کی ضمانت میں 19 مارچ تک توسیع
کراچی ( 92 نیوز ) سندھ ہائیکورٹ نے سابق وزیربلدیات سندھ جام خان شورو کی نیب انکوائریز میں ضمانت میں 19 مارچ تک توسیع کردی ۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر فریقین کو مکمل تیاری کے ساتھ پیش ہونے کا حکم دے دیا ، چیف جسٹس کا کہنا تھا عدالت سے تو کوئی گرفتار نہیں کرسکتا، گرفتار کرنا ہے تو گھر سے کریں گے ۔
درخواست ضمانت مسترد ہونے کے امکان کے پیش نظر نیب کے 20 اہلکار سندھ ہائیکورٹ اور اطراف میں تعینات کیے گئے تھے ۔
نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ جام خان شورو کیخلاف غیرقانونی اثاثہ جات،سرکاری زمینوں کی غیرقانونی الاٹمنٹ اور ٹھٹھہ میں 262 ایکڑ اراضی ہتھیانے کا بھی الزام ہے ۔
چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے کہا ملزمان نے پلاٹس واپس کردیے ہیں، نیب کے سینئر افسران پیش ہوکر مؤقف سے آگاہ کریں ۔
عدالت نے 2 نیب انکوائریز میں جام خان شورو کی ضمانت میں 19 مارچ تک توسیع کردی ۔
حیدر آباد میں سی این جی اسٹیشن کی الاٹمنٹ کے کیس میں بھی جام خان شورو کی 5 لاکھ روپے کے عوض 15 مئی تک ضمانت میں توسیع کردی گئی۔