Saturday, January 22, 2022
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK) آج کا اخبار English News
English News آج کا اخبار
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK)

نیا چیئرمین سینیٹ کون ؟، جوڑ توڑ جاری

نیا چیئرمین سینیٹ کون ؟، جوڑ توڑ جاری
March 4, 2018

اسلام آباد ( 92 نیوز ) اگلا چیئرمین سینیٹ کون ہو گا ،جوڑ توڑ کا سلسلہ زور و شور سے جاری ہے ۔ ن لیگ 33 نشستوں کے ساتھ نمبر گیم میں سب سے آگے ہے ۔

مسلم لیگ ن کی جانب سے راجہ ظفرالحق کو میدان میں اتارے جانے کا امکان ہے جب کہ پرویز رشید کے نام پر بھی غور کیا جا رہ اہے ۔ جیت کیلئے مزید 20 ارکان کی حمایت درکار ہے ۔ مسلم لیگ ن کو اپنا چیئرمین سینیٹ لانے کیلئے جے یو آئی،ایم کیو ایم،نیشنل پارٹی اور فاٹا ارکان کو ساتھ ملانا ہوگا ۔

سینیٹ کی حکمرانی کی دوڑ میں پیپلز پارٹی دوسرے نمبر پر ہے ۔ آصف زرداری پھر جیالے کو چیئرمین بنانے کیلئے سرگرم ہیں ۔ شیری رحمان کا نام سر فہرست ہے جبکہ جیت کیلئے مزید 33 ووٹ ضروری ہیں ۔

تحریک انصاف کی حمایت کے بغیر پیپلزپارٹی کی بھی دال نہیں گلے گی ، پی ٹی آئی کو رام کرنے کیلئے خورشید شاہ نے شاہ محمود قریشی کو فون کیا جب کہ 8 مارچ کو ملاقات پر اتفاق ہوگیا۔

سینیٹ کی سرداری کیلئے سیاسی جماعتیں بلوچستان کے آزاد ارکان کے صدقے واری جا رہی ہیں اور حمایت حاصل کرنے کی سرتوڑ کوششیں کی جا رہی ہیں ۔

پی پی نے شمولیت کے باقاعدہ دعوت دے دی جبکہ جہانگیر ترین کا بھی انوار کاکڑ سے رابطہ ہوا ۔

آزاد رکن کہتے ہیں ملاقاتوں کا مطلب کسی سے اتحاد نہیں،رابطے جاری ہیں ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا ۔

دوسری جانب عمران خان کا کہنا ہے کہ چیئرمین سینیٹ کیلئے اپنا امیدوار لائیں گے یا کسی جماعت سے اتحاد کریں گے اس کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا ، ابھی مشاورت جاری ہے ۔