Friday, September 13, 2024

نگران وزیر اعلیٰ سندھ فضل الرحمان نے عہدے کا حلف اٹھا لیا

نگران وزیر اعلیٰ سندھ فضل الرحمان نے عہدے کا حلف اٹھا لیا
June 2, 2018
کراچی (92 نیوز) نگران وزیر اعلیٰ سندھ فضل الرحمان نے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس میں ہوئی جہاں گورنر سندھ محمد زبیر نے نگران وزیراعلیٰ سے حلف لیا ۔ سندھ نگران وزیراعلیٰ کی نامزدگی میں بازی لے گیا، لیکن بلوچستان، خیبرپختونخوا اور پنجاب میں تاحال نگران وزرائے اعلیٰ کا حتمی فیصلہ نہیں ہو سکا۔ نگران وزیراعلیٰ بلوچستان کیلئے پانچ نام زیرگردش ہیں، لیکن معاملہ تاحال کھٹائی میں ہے۔ وزیراعلیٰ اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان ہونے والی چار ملاقاتیں بے نتیجہ رہیں جس کے بعد معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے پاس جانے کا قوی امکان ہے۔ نگران وزیراعلیٰ کیلئے پرنس احمد علی، علاؤالدین مری اور ایڈووکیٹ کامران مرتضیٰ کے نام زیرگردش ہیں۔ ادھرسردار اسلم بھوتانی اور قاضی اشرف کے نام بھی فیورٹ ہیں۔ خیبرپختونخوا میں نگران وزیراعلیٰ کی نامزدگی کیلئے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس آج رات دس بجے خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں ہو گا۔ ممبر پارلیمانی کمیٹی نور سلیم نے کہا کہ کوشش کرینگے کہ کسی ایک نام پر اتفاق رائے ہو جائے، حکومت اور اپوزیشن کے تین، تین ارکان پرمشتمل کمیٹی 4 ناموں پر غور کرے گی۔ حکومت نے اعجاز قریشی اور حمایت اللہ جبکہ اپوزیشن نے منظورآفریدی اور دوست محمد کے نام دے رکھے ہیں۔ دوسری طرف پنجاب میں پی ٹی آئی میں تضادات سامنے آئے ہیں۔ اپوزیشن لیڈر محمودالرشید کے پیش کردہ نام فواد چودھری نے مسترد کر دیئے۔ محمودالرشید نے اوریا مقبول جان، جبکہ فواد چودھری نے ایاز امیر کا نام دے دیا تاہم پی ٹی آئی رہنما کل تک معاملہ حل ہونے کی نوید بھی سنا رہے ہیں ۔