نوے سال سے زائد عمر کے دو بزرگوں نے کورونا کو شکست دیکر تاریخ رقم کردی

اسلام آباد ( 92 نیوز) نوے سال سے زائد عمر کے دوبزرگوں نے کورونا کو شکست دیکر نئی تاریخ رقم کر دی ۔ نیوزی لینڈکی وزیراعظم نے اپنی اور کابینہ کی تنخواہوں میں چھ ماہ کیلئے 20فیصدکٹوتی کا فیصلہ کرلیا ، ساؤپاؤلو میں گھر گھر کورونا ٹیسٹ شروع کردئیے گئے۔
برازیل کے باہمت ریٹائر فوجی افسر ارمنڈو پویٹا نے 99سال کی عمر میں کورونا کو چاروں شانے چت کردیا،اسپتال سے گھر منتقلی پر انہیں فوجی جوان نے بگل بجاکر خراج تحسین پیش کیا۔
برازیل کی جانب سے دوسری جنگ عظیم میں حصہ لینے والے جنگی ہیرو ارمنڈو پویٹا کا کہنا تھا کورونا کو شکست دینا انکے نزدیک میدان جنگ میں داد شجاعت دینے سے کہیں بڑا کام ہے ۔
آسٹریلیا میں 94سالہ خاتون بھی کورونا کو ہرانے میں کامیاب رہیں،مارین ایپل بائی کو میلبورن کے اسپتال سے تالیوں کی گونج میں رخصت کیا گیا ۔
نیوزی لینڈکی وزیر اعظم جسنڈاآرڈن نے کورونا بحران کے پیش نظراپنی اور کابینہ کی تنخواہوں میں چھ ماہ کیلئے 20فیصدکٹوتی کا اعلان کردیا۔
ووہان سے کورونا کا خاتمہ ہوا تو وہاں خصوصی طورپر تیار کردہ فیلڈاسپتال بھی ختم کردیا گیا ، برازیل کے شہر سا ؤ پاؤلو میں محکمہ ہیلتھ کی ٹیمیں گھر گھر جاکر شہریوں کے کورونا ٹیسٹ کرنے میں مصروف ہیں ۔
آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں شہریوں نے لاک ڈاؤن میں نرمی ہوتےہی بازاروں کا رخ کیا اور شاپنگ کرتے رہے جبکہ میکسیکو کے 12سالہ ہونہار بچے نے تھری ڈی پرنٹر کی مدد سے فیس ماسک اورچہرے کیلئے حفاظی خول تیارکررہا ہےجسےمیڈیکل عملے میں تقسیم کیا گیا ہے۔