Sunday, October 2, 2022

نوٹ سیون کی خرابی سے سام سنگ کے منافع میں تیس فیصد کمی واقع ہو گئی

نوٹ سیون کی خرابی سے سام سنگ کے منافع میں تیس فیصد کمی واقع ہو گئی
سیول (ویب ڈیسک) سام سنگ گلیکسی نوٹ سیون کی خرابی نے کمپنی کو بڑے خسارے سے دوچار کر دیا اور اس کے منافع میں خاطرخواہ کمی واقع ہوئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق جولائی سے ستمبر تک تین ماہ میں سام سنگ کے منافع میں تیس فیصد کمی آ چکی ہے۔ اس مدت میں کمپنی نے چار اعشاریہ چھ ارب ڈالر منافع کمایا جو گزشتہ دو برس کے دوران سب سے کم ہے۔ سام سنگ نے اپنے فون نوٹ سیون کی بیٹری میں خرابی کے سبب گزشتہ ماہ دنیا بھر سے فونز کو واپس لینے کا فیصلہ کیا تھا اور اس کی جگہ متبادل فون پیش کیا تاہم اس میں بھی وہی خامی پائی گئی جس کے بعد نوٹ سیون کی پروڈکشن کو مستقل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ نوٹ سیون میں خرابی اور اس کی پروڈکشن بند کرنے سے سام سنگ کے منافع میں کمی واقع ہو گئی۔ خیال رہے کہ سام سنگ کے اگلے فون گلیکسی 8 کی لانچ میں ابھی تاخیر ہے اور فی الحال اس کے آنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے نوٹ سیون کی خرابی کی وجہ سے سام سنگ نے صارفین کا اعتماد کھو دیا ہے۔