Thursday, September 29, 2022

نون لیگ کے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں، شاہد خاقان عباسی

نون لیگ کے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں، شاہد خاقان عباسی

کراچی (92 نیوز) شاہد خاقان عباسی نے کہا کراچی آئے ہیں، نون لیگ کے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں۔

مسلم لیگ نون کی مرکزی قیادت نے بہادر آباد مرکز جا کر ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد نیوز کانفرنس کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا شہباز شریف کی ہدایت پر کراچی آۓ ہیں۔ ملک میں جمہوریت کو تقویت دینے کے لئے ہم نے ایم کیو ایم سے ملاقات کی ہے۔ ہم نے اپنے تمام خیالات اور سوچ ایم کیو ایم کی قیادت کے سامنے رکھے ہیں۔ ملک کو درپیش چیلینجز سے نبرد آزما ہونے کے لئے ہمارے اور ایم کیو ایم کے خیالات میں ہم آہنگی ہے۔ تمام سیاسی جماعتوں کو آپس میں مل بیٹھ کر تمام مسائل کا حل نکالنا چاہئیے۔ ہم چاہتے ہیں کہ تمام صوبوں میں بااختیار بلدیاتی حکومتوں کا نظام ہو۔

شاہد خاقان عباسی بولے ان کی ملاقات حکومتی اتحادی جماعت سے نہیں بلکہ ایک جمہوریت پسند جماعت کے ساتھ ہوئی۔ اپنے دور میں ن لیگ نے کراچی میں ایک اسٹیبلشڈ خرابی کیخلاف ایکشن لیا۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا پاکستان مسلم لیگ نواز کے وفد کو خوش آمدید کہتے ہیں اور انکا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ جمہوری معاشروں میں اپوزیشن اور حکومتی جماعتوں میں رابطہ رہنا چاہئے۔