Saturday, January 22, 2022
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK) آج کا اخبار English News
English News آج کا اخبار
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK)

نون لیگ کا لندن میں جمائما گولڈ اسمتھ کے گھر کے باہر احتجاجی مظاہرہ

نون لیگ کا لندن میں جمائما گولڈ اسمتھ کے گھر کے باہر احتجاجی مظاہرہ
April 17, 2016
لندن (92نیوز) پاناما لیکس پر مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے درمیان لندن میں بھی میدان سج گیا۔ ن لیگ کے کارکنوں نے ویسٹ لندن میں عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈاسمتھ کے گھر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے اس موقع پر شدید نعرے بازی بھی کی جبکہ عمران خان نے اسے پاناما لیکس سے توجہ ہٹانے کی ایک کوشش قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے درمیان ملک میں شروع ہونے والا جھگڑا اب لندن بھی پہنچ گیا ہے۔ تحریک انصاف کے کارکنوں نے پاناما لیکس کے انکشافات پر وزیراعظم کے بیٹے حسین نواز کے گھر کے باہر مظاہرہ کیا تو مسلم لیگ (ن) کے کارکن بھی کہاں رکنے والے تھے۔ مسلم لیگ (ن) کے کارکن ویسٹ لندن میں عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما کے گھر کے باہر جمع ہوئے اور شدید احتجاج کیا۔ اس مظاہرے کی قیادت مسلم لیگ (ن) یوکے کے صدر زبیر گل نے کی۔ مظاہرے کے وقت میٹرو پولیٹن پولیس بھی جمائما کے گھر کے سامنے موجود تھی۔ اس موقع پر جمائما مسلسل پولیس کو مظاہرین کو ان کے گھر کے سامنے سے ہٹانے کا کہتی رہیں۔ ادھر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سوشل میڈیا پر اس مظاہرے کے خلاف ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ مسلم لیگ نون والوں نے جمائما کی والدہ کے گھر کے باہر احتجاج کر کے پانامہ لیکس میں شریف خاندان کی غیر قانونی طریقوں سے کمائی گئی دولت سے توجہ ہٹانے کی کوشش کی ہے جس میں انہیں کامیابی نہیں ہو گی۔