Saturday, July 27, 2024

نون لیگ کا راولپنڈی رنگ روڈ کرپشن کیس میں اصل مجرمان کو بچانے کا الزام

نون لیگ کا راولپنڈی رنگ روڈ کرپشن کیس میں اصل مجرمان کو بچانے کا الزام
May 18, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) راولپنڈی رنگ روڈ کرپشن اسکینڈل میں نون لیگ نے حکومت پر اصل مجرمان کو بچانے کا الزام لگا دیا۔ مسلم لیگ نون نے حکومت کو آڑے ہاتھوں لینا شروع کر دیا۔

سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا ہر وزیر پر کرپشن کے مقدمات ہیں۔ اب رنگ روڈ میں کرپشن آ گئی ہے۔ اب پھر رپورٹ بنے گی، باتیں ہوں گی۔ اس حکومت کا کوئی آدمی آجتک گرفتار نہ ہوا۔ اسپیشل اسسٹنٹ نے استعفیٰ کیوں دیا۔ اس کا تو حکومتی محکمے کے ساتھ تعلق ہی نہیں ہوتا۔

مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب بولیں عمران خان نے رنگ روڈ کی توسیع کا حکم دیا تو تالیاں بجووائیں، اب کیا ہوا؟ رنگ روڈ کا جب فائدہ اپنے مافیا کو پہنچ چکا تو۔ اب وزیروں سے استعفے کے کر ڈرامے رچائے جا رہے ہیں۔

لیگی رہنما محمد زبیر کا ٹویٹ میں کہنا تھا کہ راولپنڈی رنگ روڈ منصوبہ کے دھماکہ خیز انکشافات کے بعد ن لیگ اور پی ٹی آئی کی کلاس میں واضح فرق سامنے آ گیا۔ لاہور میٹرو ایک ورلڈ کلاس پروجیکٹ جو ن لیگ نے بنایا، دوسری طرف پنڈی رنگ روڈ منصوبہ جو عمران خان نے بنایا۔