Thursday, September 19, 2024

نوعمر فرانسیسی سیاستدان میکسنس بیوتے حلقہ بگوش اسلام ہو گیا

نوعمر فرانسیسی سیاستدان میکسنس بیوتے حلقہ بگوش اسلام ہو گیا
April 8, 2015
فرانس (ویب ڈیسک) فرانس کی انتہائی دائیں بازو کی جماعت نیشنل فرنٹ کے کونسلر حلقہ بگوش اسلام ہو گئے ہیں، کہتے ہیں دوسروں کو بھی اسلام قبول کر لینا چاہئے۔ میکسنس بیوتے نے اسلام قبول کر لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا اسلام اور نیشنل فرنٹ میں بہت سی مماثلتیں ہیں اور پارٹی ارکان پر زور دیا کہ وہ بھی مسلمان ہو جائیں۔ بائیس سالہ سیاستدان نے نہ صرف اسلام قبول کرنے کے اعلان کیا بلکہ قرآن پاک کے فضائل کی ویڈیو بھی جاری کی جبکہ قبول اسلام کی پاداش میں اس کی پارٹی رکنیت معطل کر دی گئی ہے۔ مشرقی پیرس کے نواحی علاقے کے کونسلر کا کہنا تھا اسلام کی طرح نیشنل فرنٹ بھی کمزوروں کی اعانت کرتا ہے جبکہ نیشنل فرنٹ اور اسلام دونوں سود کیخلاف ہیں۔ دوسری طرف پارٹی کے مقامی سیکرٹری جورڈن برڈیلا نے کہا مذہب لوگوں کا نجی معاملہ ہے جسے سیاسی سرگرمیوں میں نہیں لایا جانا چاہئے۔ بیوتے نے کہا وہ انتخابی مہم کے دوران اسلامی تعلیمات سے روشناس ہوا اور دل سے اس کی سچائی قبول کی۔ لوگ اس کے فیصلے پر نالاں ہیں لیکن وہ سمجھتا ہے اسلام کا مشن بنی نوع انسان کا اتحاد ہے وہ کہتے ہیں انجیل مقدس میں تضادات ہیں جبکہ اسلام زیادہ وسیع اور روشن خیال مذہب ہے اس کی رائے میں اسلام قتال کی تعلیم نہیں دیتا۔