Saturday, July 27, 2024

نوشکی: سکیورٹی فورسز اور حساس اداروں کی کارروائی، افغانستان سے لایا گیا اسلحہ اور گولہ بارود برآمد

نوشکی: سکیورٹی فورسز اور حساس اداروں کی کارروائی، افغانستان سے لایا گیا اسلحہ اور گولہ بارود برآمد
April 15, 2016
نوشکی (نائنٹی ٹو نیوز) سیکورٹی فورسز اور حساس اداروں نے نوشکی میں کارروائی کرتے ہوئے بڑی مقدار میں افغانستان سے بلوچستان منتقل کیا گیا اسلحہ برآمد کر لیا۔ صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے پر افغان حکومت سے تحقیقات کی درخواست کر دی۔ ایف سی مددگار سینٹر میں ڈی آئی جی ایف سی بریگیڈئیر طاہر اور ترجمان حکومت بلوچستان انوار الحق کاکڑ کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ سیکورٹی فورسز اور حساس اداروں نے نوشکی کے علاقے کنڈ میں کارروائی کی جس کے نتیجے میں کالعدم تنظیم بی ایل اے کے کیمپ سے بھاری مقدار میں اسلحہ وگولہ بارود برآمد ہوا۔ صوبائی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ برآمد شدہ اسلحہ افغان انٹیلی جنس ایجنسی این ڈی ایس نے بلوچستان میں کالعدم تنظیم کو فراہم کیا تھا۔ کارروائی کے دوران برآمد ہونے والے اسلحے میں 25 عدد مارٹر گولے، 46عدد راکٹ 10 پیکٹ بارودی مواد، 28کلوگرام دھماکہ خیز مواد افغان فورسز کے یونیفارمز سمیت دیگر اسلحہ وگولہ بارود شامل ہے۔ صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ افغان سرزمین بلوچستان میں دہشت گردی کیلئے استعمال کی جا رہی ہے جس کیلئے افغان حکومت سے واقعہ کی تحقیقات کرنے کی درخواست کرتا ہوں۔