Tuesday, January 25, 2022
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK) آج کا اخبار English News
English News آج کا اخبار
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK)

نوجوانوں کو کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، وزیراعظم

نوجوانوں کو کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، وزیراعظم
December 4, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے نوجوانوں کو کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیرِاعظم عمران خان کی زیرِ صدارت نیشنل سپورٹس پالیسی اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے انتظامی ڈھانچے کی ازسرِ نو تشکیل پر اعلی سطح کا اجلاس ہوا۔ اجلاس کو پاکستان سپورٹس بورڈ کے انتظامی ڈھانچے، نیشنل سپورٹس پالیسی، اس حوالے سے صوبوں سے مشاورت اور کھیلوں کے فروغ کیلئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ کا آئینی مسودہ تیار ہے جسکے تحت بورڈ اور ایگزیکیٹیو کمیٹی کے ممبران کی تعداد کو محدود رکھا گیا ہے۔ بورڈ کے اختیارات و ذمہ داریوں کا تعین کرتے ہوئے ملک میں کھیلوں کے فروغ اور مثبت مقابلے کی فضاء کے قیام کا خاص خیال رکھا گیا ہے۔ آئین کے تحت ادارے کا نیا انتظامی ڈھانچہ بھی تیار کیا گیا ہے۔ نیا آئینی مسودہ سی سی ایل سی سے منظور ہو چکا ہے۔

بریفنگ میں وزیراعظم عمران خان کو مختلف کھیلوں کی فیڈریشنز کیلئے ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں جن میں ریجسٹریشن، الیکشن کا طریقہ کار، ماڈل کانسٹی ٹیوشن، ریگیلیٹری فریم ورک اور نیشنل اینٹی ڈوپنگ آرگنائیزیشن آف پاکستان شامل ہیں۔

اجلاس کو صوبوں سے نیشنل سپورٹس پالیسی کی تیاری کے حوالے سے مشاورت کے بارے بھی بتایا گیا۔ صوبوں سے تعاون و روابط بڑھا کر ملک بھر میں کھیلوں کی سرگرمیاں بڑھائی جائیں گی۔ صوبے مقامی سطح پر کھیلوں کے فروغ اور کلبز و ایسوسی ایشنز کو سہولیات فراہم کریں گے۔ اسکے علاوہ مقامی سطح پر صوبوں کی طرف سے اہم کھیلوں پر ترجیحی بنیادوں پر توجہ دی جائے گی۔ اجلاس کو بڑے شہروں میں ہاکی ٹرف کے حوالے سے بھی بتایا گیا۔ اسلام آباد میں اس پر کام مکمل ہے جبکہ واہ کینٹ، فیصل آباد، کوئٹہ، پشاور، مظفر آباد اور گلگت میں اس پر کام تیزی سے جاری ہے۔

وزیرِ اعظم نے جاری منصوبوں پر کام معینہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا نوجوانوں کو کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ مقامی سطح پر کھیلوں میں شرکت کو یقینی بنا کر با صلاحیت نوجوانوں کو مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ پاکستان سپورٹس بورڈ ریگولیٹر کے طور پر کام کرے گا۔ پاکستان سپورٹس بورڈ نوجوانوں کو کھیلوں کی معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے گا۔ ملک میں کھیلوں میں نواجوانوں کی شرکت بڑھنے سے کھیلوں کا معیار بہتر ہو گا۔ پاکستانی نوجوانوں میں دنیا کا ہر میدان فتح کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔