Tuesday, September 17, 2024

نواز شریف کی اپیلیں خارج ، نیب ریفرنسز میں سزائیں بحال

نواز شریف کی اپیلیں خارج ، نیب ریفرنسز میں سزائیں بحال
June 25, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے نواز شریف کی العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنسز میں اپیلیں خارج کر دیں ۔ نوازشریف کی سزائیں بحال، اسلام آباد ہائیکورٹ نےمحفوظ فیصلہ سنا دیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصلے میں قرار دیا کہ مفرور ہونے کے بعد نواز شریف اپنا حق سماعت کھو چکے۔ مفروری کے باعث درخواستیں خارج کرنے کے سوا آپشن نہیں۔ نواز شریف واپس آئیں یا پکڑے جائیں تو اپیل بحالی کی درخواست دے سکتے ہیں۔

نو صفحات پر مشتمل فیصلہ جسٹس عامر فاروق نے تحریر کیا۔ فیصلے میں  نواز شریف کی 7 سال اور 10 سال کی سزائیں برقرار رکھیں۔ فیصلے میں پرویز مشرف  سمیت چار عدالتی فیصلوں کا حوالہ بھی شامل کیا گیا۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ کہہ چکی قانون کا مفرور حق سماعت کھو دیتا ہے۔ میاں نواز شریف کو فئیر ٹرائل کا حق دیا گیا۔ نوازشریف کو احتساب عدالت میں سنا گیا، گواہان پر جرح کا حق دیا گیا۔ نوازشریف ضمانت پر ہونے کے باوجود بیرون ملک گئے۔ نوازشریف اپیلوں کے دوران کئی تاریخوں پر غیر حاضر رہے۔ نوازشریف کو قانون کے مطابق مفرور قرار دیا گیا۔ اگر اپیل بحالی کی کبھی درخواست آئی تو قانون کیمطابق فیصلہ ہو گا۔

احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کو 10 سال اور العزیزیہ میں 7 سال کی سزا سنائی تھی۔ نوازشریف نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں سزا کے خلاف اپیلیں دائر کی تھیں تاہم بیرون ملک جانے کے بعد سے وہ عدالت کے روبرو پیش نہیں ہوئے۔ نواز شریف کو متعدد بار پیشی کے نوٹسز جاری کیے گئے اور عدم پیشی پر اشتہاری قرار دے دیا گیا۔