Tuesday, October 4, 2022

نواز شریف کی العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنسز میں طلبی کے اشتہارات اخبارات میں شائع ہو گئے

نواز شریف کی العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنسز میں طلبی کے اشتہارات اخبارات میں شائع ہو گئے

اسلام آباد ( 92 نیوز) سابق وزیراعظم نواز شریف  کی العزیزیہ اورایون فیلڈ ریفرنسز میں طلبی کے اشتہارات اخبارات میں شائع ہوگئے ،اشتہار کے مطابق نوازشریف دانستہ طور پر عدالتی کارروائی سے خود کو چھپا رہے ہیں، نوازشریف کو بذریعہ اشتہار طلب کیا جاتا ہے وہ 24 نومبر کو عدالت پیش ہوں۔

اشتہار کے مطابق ایون فیلڈ ریفرنس میں عدالت نے نواز شریف کو 6 جولائی 2018 کو  10 سال قید اور 8 ملین پائونڈز جرمانے کی سزا سنائی، نواز شریف کو انتخابات میں حصہ لینے کیلئے نااہل قرار دیا گیا ۔ ایون فیلڈ ریفرنس میں 19 ستمبر 2018 کو نواز شریف کی سزا معطل ہوئی تو وہ جیل سے ضمانت پر رہا ہوئے ، سزا معطلی اور ضمانت کے بعد اپیلوں پر سماعت کی پیروی کے لئے نواز شریف پیش نہیں ہوئے۔

اشتہار کے مطابق نواز شریف کی حاضری یقینی بنانے کے لیے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے جس کی تعمیل نہ ہو سکی ، عدالت رپورٹس سے مطمئن ہے کہ نوازشریف مفرور ہیں جان بوجھ کر عدالتی کارروائی سے خود کو چھپا رہے ہیں، نوازشریف کو بذریعہ اشتہار طلب کیا جاتا ہے وہ 24 نومبر کو عدالت پیش ہوں۔

العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس میں نواز شریف کو 7 سال قید اور 1.5 ارب روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی ،نواز شریف کی العزیزیہ ریفرنس میں 8 ہفتوں کی ضمانت منظور کی گئی۔