نواز شریف سے آرمی چیف کی ملاقات ،افغانستان سے کشیدہ حالات ،ملکی داخلی و سلامتی صورتحال پر تبادلہ خیال
اسلام آباد(92نیوز)وزیر اعظم نواز شریف سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ملاقات کی ،افغانستان سے کشیدہ حالات ملک کی داخلی و سلامتی صورتحال کراچی آپریشن، ضرب عضب اور وزیر اعظم کے ہونے والے دورہ امریکہ کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کےمطابق وزیر اعظم نواز شریف سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے وزیر اعظم ہاؤس میں اہم ملاقات کی۔ملاقات میں افغانستان سے کشیدہ صورتحال اور افغان مفاہمتی عمل کو آگے بڑھانے کے حوالے سے گفتگو کی گئی،سرحد پار سے دہشتگردی کی روک تھام کے لیے دونوں ممالک میں تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیااور افغانستان سے دو طرفہ بہتر تعلقات کے فروغ کے لیے سفارتی رابطے بھی تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ترجمان وزیر اعظم ہاؤس کے مطابق ملاقات میں ملک کی داخلی سلامتی کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا،ملاقات میں آپریشن ضرب عضب ۔کراچی آپریشن اور دہشتگردوں کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم کے 21 اکتوبر کو دورہ امریکہ کے حوالے سے بھی امور زیر بحث آئےاس موقع پر وزیر اعظم کے جنرل اسمبلی سے خطاب اور مختلف ممالک کے سربراہوں سے ہونے والی ملاقاتوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔