Tuesday, April 30, 2024

نواز شریف اور مریم نواز کی حاضری سے استثنیٰ کی ایک اور درخواست دائر

نواز شریف اور مریم نواز کی حاضری سے استثنیٰ کی ایک اور درخواست دائر
November 22, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) نواز شریف حاضری سے استثنیٰ لے کر بھی احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔ مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر بھی حاضر ہوئے۔ سابق وزیر اعظم اور ان کی صاحبزادی نے حاضری سے استثنیٰ کی تاریخیں تبدیل کرنے کی درخواست دے دی۔
نیب ریفرنسز کےمعاملے میں سابق وزیر اعظم نوازشریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔ کارکنوں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے پارٹی قائد کا استقبال کیا۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سماعت شروع کی تو گواہان محمد رشید اور مظہر رضا بنگش نے اپنے بیانات ریکارڈ کرائے اور نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے گواہان پر جرح مکمل کر لی۔
دوران جرح ان کی نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر کے ساتھ گرما گرمی بھی ہوئی۔ نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر نے کہا کہ آپ گواہ کو کنفیوژ کر رہے ہیں جس پر خواجہ حارث نے کہا کہ آپ کی بے جا مداخلت پر اعتراض ہے۔ درمیان میں لقمہ نہ دیا کریں۔ اس پر فاضل جج نے ریمارکس دیئے کہ اگر آپ نے لڑنا ہے تومیں یہاں سے چلا جاتا ہوں ۔
دوران سماعت نواز شریف اور ان کی صاحبزادی نے حاضری سے استثنیٰ کی تاریخ تبدیل کرنے کے لئے درخواست بھی دی۔ مریم نواز نے استثنیٰ 5 دسمبر سے 5 جنوری تک کے لئے مانگا۔