Friday, February 23, 2024

نوازشریف کے خلاف العزیزیہ ریفرنس میں نیب کا حتمی بیان مکمل

نوازشریف کے خلاف العزیزیہ ریفرنس میں نیب کا حتمی بیان مکمل
October 30, 2018
اسلام اباد (92 نیوز) نواز شریف کے خلاف العزیزیہ ریفرنس میں نیب نے حتمی بیان مکمل کر لیا۔ آئندہ سماعت پر نواز شریف بطور ملزم اپنا بیان قلمبند کرائیں گے۔ نیب کی العزیزیہ ریفرنس میں نوازشریف کا بطور ملزم بیان ریکارڈ کرانے کی استدعا منظور کر لی گئی۔ نیب پراسیکیوٹر نے ریفرنس میں شواہد مکمل ہونے سے متعلق حتمی بیان دے دیا جس میں کہا تمام شواہد مکمل ہو گئے ہیں۔ نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے سپریم کورٹ کے 20 اپریل اور 28 جولائی 2017 کے فیصلے کی کاپیاں بھی عدالت میں پیش کی گئیں۔ نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے اعتراض میں کہا سپریم کورٹ کا 20 اپریل کا فیصلہ اس ریفرنس سے متعلق نہیں۔ دوسرا فیصلہ آ جانے کے بعد پرانا فیصلہ پیش نہیں کیا جا سکتا۔ عدالت نے قرار دیا آئندہ سماعت پر نوازشریف کا بطور ملزم بیان قلمبند کیا جائیگا۔ فلیگ شپ ریفرنس میں نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث کی جے آئی ٹی سربراہ واجد ضیا پر ساتویں روز بھی جرح جاری رہی۔ سپریم کورٹ نے احتساب عدالت کو نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنسز کا ٹرائل مکمل کرنے کے لیے 17 نومبر تک کی مہلت دے رکھی ہے۔