Saturday, July 27, 2024

نوازشریف کی سزامعطلی کیخلاف نیب کی اپیلوں پر سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی

نوازشریف کی سزامعطلی کیخلاف نیب کی اپیلوں پر سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی
April 9, 2019

اسلام آباد ( 92 نیوز) نوازشریف کی العزیزیہ ریفرنس میں سزا معطلی اور نیب کی فلیگ شپ ریفرنس میں ملزم کی بریت کے خلاف اپیلوں پر سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی کر دی گئی ۔

جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے اپیلوں پر سماعت کی ۔

نوازشریف کی العزیزیہ ریفرنس میں سزا معطلی کے خلاف اپیل میں التوا مانگنے پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے برہمی کا اظہار کیا ، جسٹس عامر فاروق نے نوازشریف کے وکلاء سے استفسار کیا کہ آج تو آپ نے بحث کرنی تھی،پیپربکس تیار نہیں کوئی لاجک والی بات کریں۔ عدالت نے  آج ہونے والی سماعت میں نوازشریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی۔

نوازشریف کے وکلاء نے اپیل پر سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی تو جسٹس عامر فاروق نے برہمی کا اظہار کیا، استفسار کیا کہ کیا آپ آج بحث ہی نہیں کرنا چاہتے۔

جس پر وکیل شیر افگن نے کیس کی پیپر بکس نہ ملنے کی منطق پیش کی ، جسٹس عامر فاروق نے  وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ آپ  ڈویژن بینچ کے سامنے کھڑے ہیں کوئی لاجک والی بات کریں ۔

ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر نے کہا کہ ہماری پیپر بک تیار نہیں جبکہ نوازشریف کے کیس کی پیپر بک تیار ہے، اس کے باوجود یہ التوا مانگ رہے ہیں۔

عدالت نے العزیزیہ ریفرنس میں سزا کے خلاف نوازشریف کی مرکزی اپیل پر سماعت 23 اپریل تک ملتوی کردی جبکہ فلیگ شپ ریفرنس میں نواز شریف کی بریت کیخلاف نیب کی اپیل پر سماعت 29 اپریل کو ہوگی۔