Saturday, September 21, 2024

نوازشریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی حالت بدستور تشویشناک

نوازشریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی حالت بدستور تشویشناک
June 20, 2018
لندن (92 نیوز) سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی حالت بدستور تشویشناک ہے ۔ بیگم کلثوم نواز کا لندن کے ہارے سٹریٹ کلینک میں علاج جاری ہے جہاں وہ  اب بھی وینٹی لیٹر پر موجود ہیں ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اُن کے بیٹے حسین نواز آبدیدہ ہوگئے ۔ انہوں نے  کہا کہ چار دن کے عدالتی استثنیٰ کی باتیں ہورہی ہیں جبکہ والدہ کی حالت نازک ہے ۔ افسوس ہے کہ ایسی باتیں کرنے والے  بھول گئے کہ  والدہ نے جمہوریت کیلئے کیا خدمات سر انجام دیں ۔ ابہام پیدا کر کے دکھ پہنچایا جارہا ہے ۔ اس سے قبل نواز شریف اور مریم نواز نے بیگم کلثوم نواز کی جلد صحتیابی کیلئے قوم سے دعا کی اپیل کی  ۔ دوسری طرف مسلم لیگ ن کی قیادت کے بیرون ملک ہونے کی وجہ سے الیکشن 2018 کے لئے امیدواروں کا انتظار طویل ہو گیا۔ بیگم کلثوم نوازکی تیمارداری کے لئے نوازشریف اورمریم نواز لندن گئے تو مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نے بھی ان کی پیروی کی اور لندن چلے گئے ۔ مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت لندن میں ہے مگرالیکشن کے امیدوارانتظارکی سولی پرلٹک رہے ہیں کیونکہ ان کی ٹکٹوں کاحتمی فیصلہ ابھی التوا کا شکار ہے۔ ذرائع کے مطابق الیکشن دو ہزار اٹھارہ کے لئے امیدواروں کی حتمی فہرست پچیس جون کو آنے کا امکان ہے۔ متوقع امیدواروں کے نام سامنے آنے پر ن لیگ کے رہنماؤں میں کشمکش کی فضا نظرآرہی ہے، بعض مقامات پراحتجاج بھی کیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق ٹکٹوں کا حتمی فیصلہ پارٹی قائد نواز شریف کریں گے۔