Sunday, September 15, 2024

نوازشریف کو وکیل مقرر کرنے کیلئے 19 جون تک کی مہلت مل گئی

نوازشریف کو وکیل مقرر کرنے کیلئے 19 جون تک کی مہلت مل گئی
June 12, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) احتساب عدالت نے نوازشریف کو وکیل مقرر کرنے کیلئے 19 جون تک کی مہلت دے دی ۔ احتساب عدالت میں نوازشریف خاندان کے خلاف ریفرنس کی سماعت ہوئی ۔ جج محمد بشیرنے نوازشریف سے وکیل سے متعلق پوچھا تو نوازشریف نے کہا کہ خواجہ حارث نے نو ماہ اس مقدمے پرمحنت کی ہے ،انکی کی جگہ نیا وکیل ڈھونڈنا اتنا آسان نہیں ، یہ اپنی نوعیت کا الگ کیس ہے ، ہفتے کے سات روز سماعت اور مارنیٹرنگ جج کی کسی دوسرے مقدمہ میں مثال نہیں ملتی ،یہ مقدمہ اسپیڈ کے ساتھ چل رہا ہے ۔ جج محمد بشیر نے ریمارکس دیے دیگر مقدمات میں مانیٹرنگ جج تعینات ہوئے اور دو ماہ کا وقت بھی دیا گیا ، اسپیڈی ٹرائل ہونا تواچھی بات ہے ۔ نوازشریف نے کہا کہ ایسا نہیں ہوتا آبزرویشن دی جائیں اورقدغن لگائی جائے، سپریم کورٹ میں ریمارکس دئیے گئے تشہیرکیلئے اہلیہ کی عیادت کا کہتے ہیں کیا یہ ریمارکس دل دکھانے والے نہیں ؟ سپریم کورٹ کیس واپس اپنے پاس لینا چاہیے چاہیں تو پھانسی پر لٹکائیں یا جیل بھیجیں ۔ نیب پراسیکیوٹر نے لندن فلیٹس ریفرنس میں مریم نواز کے وکیل حتمی دلائل شروع کرنے کا موقف اپنایا تو امجد پرویز بولے کہ سپریم کورٹ کے آڈر کی کاپی نہیں ملی اور ہفتے کو سماعت ہونے پر دیگرکیسیز متاثرہونگے ۔ جج محمد بشیر نے نیب کی استدعا مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پہلے خواجہ حارث کا معاملہ دیکھ لیں دلائل بعد میں دیکھ لیں گے۔ عدالت نے نوازشریف کو وکیل مقرر کرنے کیلئے 19 جون تک کی مہلت دی اور لندن فلیٹس ریفرنس 14جون تک ملتوی کر دیا۔ جج محمد بشیر نے ریمارکس دیے کہ نوازشریف اور مریم نواز بے شک آئندہ سماعت پر نہ آئیں۔