Tuesday, September 17, 2024

نوازشریف کبھی نیلسن ، نیسکول کے بینفیشل مالک نہیں رہے ، خواجہ حارث

نوازشریف کبھی نیلسن ، نیسکول کے بینفیشل مالک نہیں رہے ، خواجہ حارث
June 20, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) احتساب عدالت میں لندن فیلٹس ریفرنس پر خواجہ حارث نے دلائل میں کہا کہ نوازشریف  کبھی لندن فلیٹس یا نیلسن اور نیسکول کے بینفیشل مالک نہیں رہے۔ احتساب عدالت میں شریف فیملی کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کیس کی سماعت  جج محمد بشیر نے کی۔ نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث نے حتمی دلائل دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے کسی چیز کی ملکیت تسلیم نہیں کی ۔ لندن فلیٹس ان کے نام نہیں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کیس پہلے استغاثہ نے ثابت کرنا ہوتا ہے لیکن استغاثہ نے پہلے ہی بار ثبوت ملزمان پر ڈال دیا ہے۔ خواجہ حارث نے کہا کہ جب آمدن کے ذرائع ہی معلوم نہیں  کیے تو آمدن اور اثاثوں میں تضاد کیس معلوم کیا۔ ہوا میں بات نہیں  کرنی ہوتی ، تفتیش میں ثابت کرنا ہوتا ہے۔ نوازشریف کی تو ملکیت ہی ثابت نہیں ۔اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ملا جب جائیداد خریدی گئی یہ پبلک آفس ہولڈر تھے یا نہیں۔ نوازشریف کے وکیل نے کہا کہ جے آئی ٹی کو دیئے گئے بیان بطور شواہد استعمال نہیں ہو سکتے۔ واجد ضیا نے کہا نوازشریف لندن فلیٹس میں رہتے رہے ہیں۔ ایک شخص اتنا بڑا جھوٹ کیسے بول سکتا ہے۔ خواجہ حارث نے کہا کہ اگر وہ فلیٹس میں چائے پی لیں تو کیا مالک بن جائیں گے۔ خواجہ حارث نے کہا کہ کیپٹل ایف زیڈ ای کا ایون فیلڈ پراپرٹی سے کچھ لینا دینا نہیں ۔ واجد ضیا نے لندن فلیٹس کے استعمال پر بھی غلط بیانی کی۔ استغاثہ کے پاس کوئی ایسا گواہ نہیں جو کہہ سکے نوازشریف نیلسن، نیسکول کی کے بے نامی دار یا اصل ملک ہیں۔