Wednesday, September 28, 2022

پیرول پر رہائی کی مدت ختم،نواز،مریم اور صفدر اڈیالہ جیل منتقل

پیرول پر رہائی کی مدت ختم،نواز،مریم اور صفدر اڈیالہ جیل منتقل
راولپنڈی ( 92 نیوز) پیرول پر رہائی کی مدت ختم ہونے پر نواز شریف ، مریم نواز اور محمد صفدر کو جیل منتقل کر دیا گیا ۔ لاہور ( 92 نیوز) نوازشریف ، مریم نواز اور محمد صفدر کو اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا  ،تینوں قیدیوں کی پیرول پر رہائی کا وقت ختم ہونے پر لاہور سے خصوصی طیارے کے ذریعے راولپنڈی منتقل کیا گیا۔ جیل اہلکاروں اور قیدیوں کا قافلہ جاتی امرا سے روانہ ہوا اور رنگ روڈ کے ذریعے پرانے ایئرپورٹ پہنچا  جہاں خصوصی طیارہ قیدیوں کو راولپنڈی منتقل کرنے کے لئے تیار تھا ۔ جاتی امرا سے روانگی سے پہلے نواز شریف اپنی والدہ سے ملے  اور یہ کہتے ہوئے اُنہیں تسلی دی گھبرائیں مت  مشکل وقت ہے گزر جائے گا آپ  دعا کریں ۔ جاتی امرا میں کچھ ن لیگی کارکنوں نے نواز شریف کی روانگی کے وقت احتجاج بھی کیا  تاہم سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔ نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز  اور داماد  محمد صفدر کو بیگم کلثوم نواز کی تجہیز وتکفین میں شرکت کے لیے بدھ کے روز پیرول پر رہا کیا گیا تھا۔ ابتدائی طور پر یہ رہائی صرف 12گھنٹے کے لیے تھی ، جبکہ نواز شریف کے بھائی اور نون لیگ کے صدر شہباز شریف نے 5 روزہ پیرول رہائی کی درخواست کی تھی۔ مدت رہائی میں توسیع کی سمری سیکرٹری داخلہ نسیم نواز نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب کو منظوری کے لیے بھیجی جس پرقوانین میں نرمی کر کے وزیرِ اعلیٰ پنجاب، گورنر پنجاب اورصوبائی کابینہ نےمحکمہ داخلہ کو رہائی کی مدت 17 ستمبر تک بڑھانے کے احکامات جاری کیے۔