Saturday, July 27, 2024

نوازشریف سے زیادہ سکیورٹی تھریٹ مجھے اور کسی سے نہیں : عمران خان

نوازشریف سے زیادہ سکیورٹی تھریٹ مجھے اور کسی سے نہیں : عمران خان
April 30, 2016
لاہور (92نیوز) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان حکومت کے خلاف میدان سجانے لاہورپہنچ گئے۔ ان کا کہنا ہے کہ انہیں ڈرایا اوردھمکایا نہیں جاسکتا، نوازشریف سب کو چپ کرا سکتے ہیں، ان کو نہیں، عوام کے پیسوں پرحکومتی میڈیاسیل چلانے پرنیب میں جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق عمران خان خصوصی جہاز کے ذریعے جہانگیر ترین کے ہمراہ لاہور پہنچے جہاں علیم خان اور دیگر رہنماوں نے ان کا استقبال کیا۔ اس کے بعد پارٹی سیکرٹریٹ میں ان کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں پاناما لیکس پر ٹی او آر تیار کر لی گئیں۔ ذرائع کے مطابق عمران خان نے حامدخان کی تجاویز کی منظوری دے دی۔ اجلاس کے بعدمیڈیا سے گفتگو کرتے عمران خان کا کہنا تھا کہ نوازشریف خودکوبادشاہ نہ سمجھیں، وہ جوکچھ کر رہے ہیں ایسا جمہوری حکومتوں میں نہیں ہوتا۔ تحریک انصاف کے لاہور میں جلسے کو لاحق سکیورٹی تھریٹ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ انہیں نوازشریف سے زیادہ سکیورٹی تھریٹ کسی اور سے نہیں ہے۔ عمران خان نے بلاول بھٹو کے نوازشریف مخالف موقف کی تائیدبھی کر دی۔ عمران خان نے اس موقع پرجلسے کی کامیابی کی امید بھی باندھ لی اورکہنے لگے کہ وہ اہلیان لاہورکے جذبات سے واقف ہیں، لاہورکا جلسہ کامیاب ہو گا۔ عمران خان نے اپوزیشن جماعتوں کے مشاورتی اجلاس میں شرکت کیلئے شاہ محمود قریشی کی قیادت میں ایک وفد کا بھی اعلان کردیا۔ اس سے پہلے وہ لاہورکے لئے روانہ ہوئے تو بنی گالا میں میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم بتائیں، ان کا پیسہ باہرکیسے گیا۔ نوازشریف بے قصور ہوتے تو پارلیمنٹ میں اثاثے ڈکلیئر کرتے۔ اس موقع پرجہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے بچوں کی طرح ان کے بچوں کا گھر بھی باہرہے لیکن انہوں نے پورا ٹیکس دیا اور قانونی طریقے سے دولت باہر بھیجی۔ ان کے تمام اثاثے ڈکلیئرہیں۔