Thursday, October 6, 2022

نوازشریف سچے ہیں تو بتائیں میری کس بات سے انہیں دکھ ہوا، چودھری نثار

نوازشریف سچے ہیں تو بتائیں میری کس بات سے انہیں دکھ ہوا، چودھری نثار
ٹیکسلا( 92 نیوز )  چودھری نثار علی خان نے  ٹیکسلا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ  نواز شریف سچے ہیں تو بتائیں میری کس بات سے انہیں دکھ ہوا ہے ، ہر جگہ پارٹی کے ساتھ تعاون کیا۔ سابق وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کے فیصلے کے بعد وہ اپنے اور ان کے اختلافات قوم کے سامنے رکھیں گے، میں نے نہیں نواز شریف نے میرے ساتھ دشمنی کی ۔اداروں سے تصادم نہ کرنے کے بیان پر میاں صاحب کو دکھ ہوا؟، کیا میں نے غلط کہا؟۔ چوہدری نثار علی خان نے گذشتہ دنوں سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے دیئے گئے ممبئی حملہ کیس سے متعلق متنازعہ بیان کو بھی ملکی سلامتی کے خلاف قرار دیا ، ٹیکسلا میں میڈیا سے گفتگو میں چوہدری نثار کا کہنا تھا پرسوں فیصلہ ہو جائے، پھر سب کچھ بتاؤں گا۔ چوہدری نثار  علی خان نے  پاکستان مسلم لیگ ن کی قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ن لیگ کو کون چلا رہا ہے، پارٹی صدر کون ہے، کارکن تذبذب کا شکار ہیں ، ان کا کہنا تھا ن لیگ میں بہت خوفناک باتیں ہوتی رہیں، میں ردعمل دینا چاہتا تھا  لیکن مجھے اجلاسوں میں بلانا بند کر دیا گیا، اس لیے میرا موقف سامنے نہیں آ سکا۔