Sunday, September 15, 2024

نوازشریف آج اقوام متحدہ کے اجلاس سے خطاب کرینگے‘ ترکی اور اٹلی کے وزرائے اعظم سے ملاقاتیں

نوازشریف آج اقوام متحدہ کے اجلاس سے خطاب کرینگے‘ ترکی اور اٹلی کے وزرائے اعظم سے ملاقاتیں
September 30, 2015
نیویارک (92نیوز) وزیراعظم نوازشریف آج اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 70 ویں اجلاس سے خطاب کرینگے۔ وزیراعظم متعدداہم مسائل پر پاکستان کی پالیسی کو اجاگر کرینگے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے خطاب میں مسئلہ کشمیر، افغانستان، انسداد دہشت گردی، جنوبی ایشیا کی صورتحال پربات چیت متوقع ہے۔ بھارت کی بلااشتعال فائرنگ کے حل پر خصوصی توجہ مرکوزکرانا بھی متوقع ہے۔ دریں اثنا وزیراعظم نے نیویار ک میں مصروف دن گزارا اور ترکی اور اٹلی کے وزرائے اعظم سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کواٹرز میں ترک وزیراعظم کے ساتھ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور دو طرفہ امور پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر ترکی کے وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کو سراہا جبکہ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان گہرے تعلقات ہیں۔ نواز شریف نے اٹلی کے وزیر اعظم سے بھی ملاقات کی۔ اطالوی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اٹلی کا بہترین دوست ملک ہے‘ جلد اٹلی کا تجارتی مشن پاکستان کا دورہ کرے گا۔