Wednesday, December 8, 2021
English News آج کا اخبار براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی
English News آج کا اخبار
براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی

نواز،مریم اور صفدر کی درخواست ضمانت پر سماعت جمعرات تک ملتوی

نواز،مریم اور صفدر کی درخواست ضمانت پر سماعت جمعرات تک ملتوی
July 31, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز ) نوازشریف، مریم نواز اور صفدر کی درخواست ضمانت پر سماعت جمعرات تک ملتوی  کر دی گئی ۔ فلیگ شپ اور العزیزیہ ریفرنسز منتقلی کی درخواستوں پر وکیل خواجہ حارث نے دلائل دیئے  ۔خواجہ حارث کے دلائل اس قدر طویل ہو گئے کہ نوازشریف،مریم نواز اور صفدر کی درخواست ضمانت پر سماعت نہ ہو سکی اور عدالت نے  سماعت جمعرات تک ملتوی کر دی ۔ ایون فیلڈر ریفرنسز  دوسری عدالت میں منتقل کرنے کے کیس کے دوران نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث  نے دلائل دیئے کہ  احتساب عدالت کے جج محمد بشیر ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سنا چکے ہیں ، دیگر دوریفرنسز میں الزام اور دفاع بھی مشترک ہے لہٰذا  ریفرنسز دوسری عدالت کو منتقل کیے جائیں۔ وقت کی کمی کے باعث درخواست ضمانت پر سماعت نہ ہوسکی ۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے قانونی نکات پر خواجہ حارث سے معاونت مانگ لی۔جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے استفسار کیا کہ کیا ماضی میں ایسی نوعیت کے کسی کیس میں ٹرائل منتقل کرنے کی کوئی عدالتی نظیر موجود ہے۔ خواجہ حارث نے جواب دیا کہ بالکل اس نوعیت کی کوئی نظیر نہیں، تاہم یہ کیس اپنی نوعیت کا منفرد معاملہ ہے۔ لیکن پھر بھی ملتی جلی نظیریں ضرور موجود ہیں۔ جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ کیا آپ یہ چاہتے ہیں کہ دو ریفرنسز  کسی دوسری احتساب عدالت کو منتقل کر دئیے جائیں، ریفرنسز منتقلی کی درخواست پر خواجہ حارث کے طویل دلائل کے باعث نوازشریف، مریم نواز اور صفدر کی ضمانتوں کی درخواستوں پر سماعت نہ ہوسکی۔ کمرہ عدالت میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سمیت بڑی تعداد میں لیگی رہنما موجود رہے۔ عدالتی وقت ختم ہونے پر کیس مزید سماعت کے لیے 2 اگست تک ملتوی کردیا گیا۔ مصدق ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے کہا کہ  کوئی این آر او نہیں ہورہا ، میاں صاحب اسپتال کے بجائے جیل میں علاج پر بضد ہیں۔