ننگرہار میں افغان فورسز کی فضائی بمباری، 30 کسان ہلاک، 40 زخمی

کابل (92 نیوز) افغان صوبے ننگر ہار میں افغان فورسز کی ایئر سٹرائک میں 30 کسان ہلاک اور 40 زخمی ہو گئے۔
افغان صوبے ننگر ہار میں افغان فورسز کی بدحواسی نے چلغوزے کے کھیتوں میں کام کرنے والے کسانوں کو ان کی زندگیوں سے محروم کر دیا۔
سرکاری حکام کے مطابق افغان فورسز کی ایئر سٹرائک، جسے امریکا کی فضائی معاونت بھی حاصل تھی، کا نشانہ داعش کا ٹھکانہ تھا۔
ادھر افغان صوبے زابل کا دارالحکومت قلات بھی ٹرک بن دھماکے سے گونج اٹھا۔ افغان طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا ہدف انٹیلی جنس ایجنسی این ڈی ایس کی عمارت تھی۔
دھماکے میں پاس ہی واقع اسپتال کی عمارت کا ایک حصہ بھی تباہ ہو گیا اور ایمبولینسز کو نقصان پہنچا۔ دھماکے میں خواتین، بچوں سمیت مریضوں کی کافی تعداد شدید زخمی ہوئی ہے جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا اندیشہ ہے۔
دوسری جانب سابق افغان صدر حامد کرزئی نے امریکا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ افغان طالبان کے ساتھ امن مزاکرات دوبارہ شروع کرے۔ ان کا کہنا تھا آزادانہ الیکشن تبھی ممکن ہے جب ملک میں امن ہو گا۔