Wednesday, September 28, 2022

نندی پور پاور پراجیکٹ ریفرنس ، ملزموں کو دو ، دو لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم

نندی پور پاور پراجیکٹ ریفرنس ، ملزموں کو دو ، دو لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم
اسلام آباد (92 نیوز) نندی پور پاور پراجیکٹ میں مبینہ تاخیر کے ریفرنس میں  راجہ پرویز اشرف اور بابر اعوان کو دو ، دو لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا گیا۔ سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف اور سابق وفاقی وزیر قانون بابر اعوان نندی پورپاور پراجیکٹ ریفرنس میں اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش ہو گئے۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے نندی پور پاور پراجیکٹ ریفرنس کی سماعت کی۔ نیب نے منصوبے سے متعلق قانونی رائے میں تاخیر سے لاگت میں اضافے اور قومی خزانے کو نقصان پر پرویز اشرف، بابر اعوان و دیگر کیخلاف ریفرنس دائر کر رکھا ہے۔ سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف، سابق وزیر قانون بابراعوان کی حاضری لگائی گئی جبکہ مزید دو ملزمان غیر حاضر رہے۔ عدالت نے پرویزاشرف اور بابر اعوان کو دو دو لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے اور آئندہ سماعت پر تمام ملزمان کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ مقدمے کی مزید سماعت دو اکتوبر ہو گی۔ عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجا پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ انہیں یہ سمجھ نہیں آ رہا انکا نام ریفرنس میں کیوں شامل ہوا؟اب عدالت آ ہی گئے ہیں تو اپنی صفائی پیش کریں گے ، مجھے اس کیس کا کوئی سر پیر نظر نہیں آ رہا۔