نماز تراویح کی ادائیگی کیلئے لاہور کی مساجد میں سخت اقدمات

لاہور (92 نیوز) نماز تراویح کی ادائیگی کے موقع پرلاہور شہر کی مساجد میں سخت اقدمات دیکھنے کو ملے،مساجد میں نمازیوں کے درمیان 6 فٹ کے فاصلے کو یقینی بنایا گیا۔
کورونا وائرس کے پھیلاو کے خدشات کے پیش نظر حکومت کی جانب سے کیے گئے سخت اقدمات پر عملدرآمد کا سلسلہ جاری ہے۔ نماز تراویح کی ادائیگی کے موقع پر بھی شہر بھر کی مساجد میں سخت اقدمات دیکھنے کو ملے۔ مساجد انتظامیہ کی جانب سے حکومتی ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا گیا۔
داتا دربار کے احاطے میں قائم مسجد میں نماز تراویح کیلئے آنے والے شہریوں کا شناختی کارڈ اور ٹمپریچر چیک کرکے اندر جانے کی اجازت دی گئی جبکہ نمازیوں کے گزرنے کیلئے سینیٹائزر گیٹ کا بھی بندوبست کیا گیا تھا۔
مسجد میں آنے والے نمازیوں کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ گھر سے ہی وضو کرکے آئیں۔ نماز تراویح کیلئے آنیوالے شہریوں کو کہنا تھا کہ وہ حکومت کی جانب سے جاری کیے گئے تمام تر ایس او پیز پر عملدآمد یقینی بنائیں گئے۔
اسی طرح بادشاہی مسجد میں بھی تما م تر انتظامات کو یقینی بنایا گیا تھا
نمازیوں کے درمیاں 6 فٹ کا فاصلہ رکھا گیا تھا۔
حکومتی احکامات کے پیش نظر نماز تراویح کیلئے پچاس سال سے زائد اور کم عمر شہریوں کا آنے کی اجازت نہیں دی گئی۔