Thursday, September 19, 2024

نقیب محسود قتل کیس ، مقتول کے والد کے وکیل کی عدم حاضری پر سماعت ملتوی

نقیب محسود قتل کیس ، مقتول کے والد کے وکیل کی عدم حاضری پر سماعت ملتوی
June 14, 2018
کراچی (92 نیوز) کراچی میں نقیب محسود قتل کیس کے مرکزی ملزم راؤ انوار کو آج بھی افسروں کی طرح عدالت لایا گیا ۔ مقتول کے والد کے وکیل کی عدم  حاضری پر سماعت ملتوی کر دی گئی ۔ راؤ انوار نے جے آئی ٹی کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی اور کہا فون نمبر اور لوکیشن کو غلط قرار دیا ۔ مرکزی ملزم نے سیکیورٹی کے سوال پر خطرات کی فہرست سنا دی ۔ اس کے بعد نقیب کے والد کے وکیل کی عدم حاضری کے باعث کیس کی سماعت 4 جولائی تک ملتوی کر دی گئی ۔ قبل ازیں نقیب اللہ محسود قتل کیس کا ضمنی چالان عدالت میں پیش کر دیا گیا، انسداد دہشتگردی عدالت نے چالان منظور کرلیا ۔ چالان کے مطابق بادی النظر میں پولیس مقابلہ جھوٹا اور منصوبہ کے تحت کیا گیا ، جیو فینسنگ رپورٹ کے مطابق راؤ انوار جائے وقوعہ پر موجود تھا۔عدالت نے مرکزی ملزم راؤ انوار اور تفتیشی افسرایس ایس پی ڈاکٹر رضوان کی عدم پیشی پر برہمی کا اظہار کیا۔ ضمنی چالان میں بتایا گیا کہ جیو فینسنگ رپورٹ کے مطابق ملزم راؤ انوار جائے وقوعہ پر موجود تھا ،تمام پولیس افسران ایک دوسرے سے رابطے میں بھی تھے۔ چالان میں کہا گیا کہ بادی النظر میں پولیس مقابلہ  منصوبہ کے تحت کیا گیا، دوران تفتیش ملزم راؤ انواراپنی بے گناہی ثابت نہیں کرسکا ،راو انوار دوران تفتیش ٹال مٹول سے کام لیتا رہا۔ ضمنی چالان میں بتایا گیا کہ مقتولین کو دہشتگرد قرار دیتے ہوئے جھوٹے مقابلے میں ہلاک کرنا ثابت ہوتا ہے ۔ ڈی این اے رپورٹ کے مطابق ملزمان کو ایک فٹ سے 5 فٹ کے فاصلے سے گولیاں ماری گئیں ،جھوٹے مقابلے میں ملزم راؤ انوارکا مرکزی کردار ہے۔