Tuesday, December 7, 2021
English News آج کا اخبار براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی
English News آج کا اخبار
براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی

نقیب اللہ محسود کو جعلی مقابلے میں مارا گیا، پولیس رپورٹ عدالت میں جمع

نقیب اللہ محسود کو جعلی مقابلے میں مارا گیا، پولیس رپورٹ عدالت میں جمع
January 26, 2018

کراچی (92 نیوز) شاہ لطیف ٹاون میں نقیب اللہ محسود کو جعلی مقابلے میں مارا گیا، پولیس نے ابتدائی رپورٹ انسداد دہشت گردی عدالت میں جمع کرا دی۔ ثناء اللہ عباسی کی سربراہی میں قائم تحقیقاتی کمیٹی نے بھی نقیب اللہ کو بے گناہ قرار دے دیا۔ گورنر سندھ کہتے ہیں کہ جس طرح نقیب کو مارا گیا اسی طرح اس کے مارنے والے کو مارا جائے۔

نقیب اللہ  قتل کیس میں پولیس نے ابتدائی رپورٹ انسداد دہشت گردی منتظم عدالت میں جمع کرادی۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ ایس ایس پی راو انوار جعلی مقابلے میں پایا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق نقیب اور اس کے دوستوں کو 3 جنوری کو حراست میں لیا گیا۔

عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ نقیب کے والد کی مدعیت میں راو انوار اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ رائو انوار اور دیگر ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی نے بھی مقابلے سے متعلق تفصیلی رپورٹ آئی جی سندھ کو ارسال کر دی۔ تحقیقاتی کمیٹی نے بھی نقیب اللہ کو بے گناہ قرار دیا ہے۔

دوسری جانب گورنر سندھ محمد زبیر نے سہراب گوٹھ جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نقیب اللہ قتل کیس میں انصاف ہو گا۔

گورنر سندھ کا مزید کہنا تھا کہ نقیب اللہ کے لواحقین کی وزیراعظم سے بھی ملاقات کراوں گا۔ وزیراعظم سے ملاقات کر کے اس معاملے پر جوڈیشل کمیشن بنانے کی درخواست کریں گے۔